پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ نے نوجوان کھلاڑیوں کو نیا حوصلہ دیا ہے،صوبائی وزیر کھیل تیمور خان


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان تیمور خان نے کہا ہے کہ پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ نے نوجوان کھلاڑیوں کو نیا حوصلہ دیا ہے، نوجوان خوش ہیں کہ فٹ بال کا مدتوں بعد اتنا بڑا ایونٹ منعقد کیا گیا ہے،نوجوانوں نے جوش وخروش سے فٹ بال کپ میں حصہ لیا ہے، عوام سپورٹس سے محبت کرتے ہیں، سپانسرز بھی تعاون کے لئے تیار ہیں، سپورٹس ایسوسی ایشنز سے مل کر مستقبل میں اس طرح کے مزید ایونٹس منعقد کریں گے،سپورٹس کو فروغ دینے کے ماضی میں شروع کئے گئے سپورٹس منصوبے مکمل کئے جائیں گے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ کا کامیاب انعقاد روشن پاکستان کی طرف پہلا قدم ہے،کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے محنت سے اس ایونٹس کا کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا، یہ کسی ٹیم کی نہیں فٹ بال کی جیت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شب پنجاب سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے ز یراہتمام پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ کی اختتامی تقریب اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکرٹری پاکستان فٹ بال فیڈریشن کرنل (ر) احمد یار خان لودھی، میاں رضوان، ڈائریکٹر ایڈمن جاویدچوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک انیس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹرز طارق وٹو، شاہد نظامی،ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم ودیگر بھی موجود تھے، پنجاب سٹیڈیم آمد پرصوبائی وزیر کھیل تیمور خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، بچوں نے ان کو گلدستے پیش کئے،شائقین نے پرزور تالیاں بجا کر ان کو خوش آمدید کہا،اختتامی تقریب میںلوک فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانا ن تیمور خان نے کہا کہ پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ کاکامیاب انعقاد اس بات کا ثبوت ہے نوجوان سپورٹس سے محبت کرتے ہیں، نوجوانوں نے لگن اور جیت کے جذبے کے ساتھ فٹ بال کپ میں حصہ لیا جو کہ خوش آئندہے، سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن نے مل کر یہ پہلا ایونٹ منعقد کرایا ہے جو کہ انتہائی کامیاب رہا، مستقبل میں اسی طرح کے ایونٹس دوسری سپورٹس تنظیموں کے ساتھ مل کر کرائیں گے اور اس کو مزید بہتر بنایا جائے گا، فٹ بال کپ میں نوجوانوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں، رہائش، کھانا اور تربیت کا معیار اعلیٰ رکھا گیا تھا جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سپورٹس کی جانب نوجوان کو لے کر آئیں گے ہماری کوشش ہوگی کہ ہر نوجوان کسی نہ کسی کھیل میں حصہ لے تاکہ وہ معاشرے کا کارآمد شہری بن سکیں، ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان تیمور خان نے کہا کہ سپورٹس کیلنڈر جلد جاری کردیا جائے گا جس کے بعد یونین کونسل سے لیکر ڈویژن کی سطح تک نیا ٹیلنٹ نکال کر آگے لائیں گے، سپورٹس کو فروغ دینے کے ماضی میں شروع کئے گئے سپورٹس منصوبے مکمل کئے جائیں گے ہم سپورٹس کو خراب نہیں کرنا چاہتے ان منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کامیاب ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملتان ڈویژن نے اعلیٰ کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ ساہیوال کی ٹیم بھی فیورٹ تھی، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ہمیں خوشی ہے کہ نوجوانوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، یہ ابتدا ہے کھلاڑی محنت کریں اور ملک کا نام روشن کریں۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے اپنے خطاب میںکہا کہ ہم نے ایسا پاکستان بنانا ہے جس میں کھلاڑی ملک کا نام دنیا میں روشن کریں اور ایسی قوم بن کر ابھریں جس پر ہم فخر کرسکیں، فٹ بال کا کھیل دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے، بدقسمتی سے پاکستان میں اس کی سرپرستی نہیں کی گئی ہمارے ہاں فٹ بال کا بہت ٹیلنٹ ہے، اس ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ کا انعقاد کیا گیا، پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن نے اس میں بھرپور معاونت کی، اس طرح کے ایونٹس مزید کرائے جائیں گے۔فائنل میں ایک ٹیم جیتی مگر حقیقت میں یہ فٹ بال کی جیت ہے جس میں پنجاب بھر کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور اس کو یادگار ایونٹ بنا دیا ، اگلا فٹ بال کپ وسیع پیمانے پر منعقد کرایا جائے گا اور پنجاب سٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوا ہوگا، ان کھلاڑیوں میں سے پنجاب کی ٹیم بنے گی جو نیشنل چیمپئن شپ میں حصہ لے گی پھر اس کے کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر نے کہا کہ پنجاب میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اس کا ثبوت یہ ہے کہ پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ کیلئے پنجاب بھر سے 7ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے ٹرائلز دیئے جن میںسے یہ کھلاڑی منتخب ہوئے جو آج پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ میں حصہ لے رہے ہیں، فٹ بال کپ کے فائنل میں ملتان اور ساہیوال کی ٹیموں کا پہنچنا بھی اس بات کاثبوت ہے کہ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں بھی فٹ بال مقبول کھیل ہے اور فٹ بال کے بہترین کھلاڑی وہاں سے پیدا کئے جاسکتے ہیں، سردار نوید نے کہا کہ پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ کے انعقاد اور اس کو یادگار ایونٹ بنانے پر صوبائی وزیر کھیل و امورنوجوانان تیمور خان اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کے انتہائی مشکور ہیں اس ایونٹ سے فٹ بالرز کا حوصلہ بلند ہوا ہے، نیشنل انڈر 15فٹ بال چیمپئن شپ 7ستمبر سے شروع ہورہی ہے جن میںپنجاب وائٹ اور پنجاب گرین کی ٹیمیں کھیلیں گی، ان کھلاڑیوں سے ہی دونوں ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

error: Content is protected !!