پنجاب انڈر15فٹبال کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب


لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ)۔سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام اورپنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے تعاون سے پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ شروع ہوگیا، گزشتہ شب پنجاب سٹیڈیم میںرنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی ،مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے فٹ بال کپ کا افتتاح کیا،کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو سلامی دی، لوک فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور آتش بازی بھی کی گئی،پنجاب سٹیڈیم کو سبز و سفید غباروں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا

اس موقع پر صدر پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن سردار نوید حیدر، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک انیس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو،شاہد نظامی،ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان رانا ندیم انجم، سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ، میاں رضوان اور دیگر بھی موجود تھے

پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ کا افتتاحی میچ لاہور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں لاہور ڈویژن کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی ٹیم کو 6-1سے شکست دیدی، لاہور ڈویژن کے کھلاڑی ہاشم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3گول کئے اور اپنی ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا،وہیب، وقار اور عمیر نے ایک ایک گول کیا، ڈیرہ غازی خان کی جانب سے واحد گول محمد زین نے کیا، شائقین کی کثیر تعداد میچ سے لطف اندوز ہوئی اور کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی۔


پنجاب انڈر15بوائز فٹ بال کپ کے آغاز سے قبل سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کی 4رکنی کمیٹی نے کھلاڑیوں کی سکروٹنی کی، کمیٹی میں ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک انیس شیخ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی اور میاں رضوان شامل تھے، کمیٹی نے کھلاڑیوں کے عمر کے حوالے سے کوائف چیک کئے، پنجاب انڈر15بوائز فٹ بال کپ میں پنجاب کی 9ڈویژنز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، فٹ بال کپ کے لئے تین گروپ بنائے گئے ہیں ،گروپ اے میں لاہور، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، گروپ بی میں ملتان، سرگودھا، فیصل آباد اور گروپ سی میں ساہیوال، بہاولپور اور گوجرانوالہ ڈویژنز کی ٹیمیں شامل ہیں۔

error: Content is protected !!