پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ میں باکسرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا، عامر جان


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ پنجاب اوپن انٹر ڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ کے انعقاد سے نوجوان باکسرز کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، دور دراز کے علاقوں کے نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا، ڈیرہ غازی خان ڈویژن کا تیسری پوزیشن حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پسماندہ علاقوں میں بھی باصلاحیت نوجوان موجود ہیں ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ان کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہی، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ پنجاب حکومت کی سپورٹس لوور پالیسی کے باعث چیمپئن شپ میں سیکڑوں باکسرز نے ٹرائلز میں حصہ لیا اور گرمجوشی کے ساتھ مقابلے کئے، چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے باکسرز کو سیکھنے کا موقع ملا،اختتامی تقریب میں بین الاقوامی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کی شرکت سے ہمارے باکسرز کی حوصلہ افزائی ہوئی اور باکسنگ کے کھیل میں نوجوانوں کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہوا، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے باکسنگ کے فروغ کے لئے جتنے اقدامات کئے ہیں مستقبل قریب میں اس کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے ، بہت جلد ہمارے باکسرز بین الاقوامی مقابلوں میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن ’’کوئی اتھلیٹ پیچھے نہیں رہے گا‘‘کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب ہر کھیل کے کھلاڑی کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتا رہے گا،دیگر کھیلوں کی بھی پنجاب کی سطح پر چیمپئن شپ منعقد کرائی جائیں گی ، پنجاب میں سپورٹس کا بہترین اور جدید انفراسٹرکچر قائم کردیا گیا ہے، کھلاڑیوں کو پورے پنجاب میں سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں جس سے وہ اپنے کھیل کو مزید نکھاررہے ہیں، آج گرائونڈز، سٹیڈیم اور سپورٹس جمنیزیم کھلاڑیوں سے آباد نظر آتے ہیں، کھلاڑی محنت سے کھیلیں ان کے کھیل کو مزید نکھارنے کے لئے ہم سب سے تعاون کے لئے تیار ہیں۔

error: Content is protected !!