پہلا میئر راولپنڈی ٹی ٹوئنٹی کپ،یو سی 30 نے جیت لیا

راولپنڈی(نوازگوہر سے)یونین کونسل 30نے پہلا میئر راولپنڈی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جیت لیا۔یہ فائنل میچ گورنمنٹ جامع ہائی سکول راولپنڈی کے گرائونڈ میںیو۔سی 29 اور یوسی 30 کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ۔ یو سی 29 کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 123 رنز کا ٹارگٹ دیا جو کہ یوسی 30کی ٹیم نے 15.2 اوور میں حاصل کرکے میچ اپنے نام کر لیا۔ فاتح ٹیم کو چیمپین ٹرافی کے علاوہ تین لاکھ روپے نقد انعام اور رنراپ ٹیم کو دو لاکھ روپے کا نقد انعام دیا گیا جبکہ مین آف دی میچ کو دس ہزار روپے کے نقد انعامات بھی دیئے گئے۔تقسیم انعامات کی تقریب میں چیئرمین اسٹیرنگ کمیٹی پنجاب سپورٹس بورڈ محمد حنیف عباسی،اراکین صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ ، لبنیٰ ریحان پیرزادہ، زیب النساء اعوان، میئر راولپنڈی سردار نسیم احمدخان،سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم ،آرگنائزر و کوچ ونر ٹیم صنوبر گل، تمام یو نین کونسلوں کے چیئرمین ،وائس چیئر مین، کونسلرز، ٹورنامنٹ آرگنائزرز،معززین علاقہ اور کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔محمد حنیف عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ ،انرجی کرائسسز کا خاتمہ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صوبے بھر میں کھیلوں کا فروغ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کھیلوں کے انفراسٹریکچر کی تبدیلی، پرانے کھیل کے میدانوں کی بحالی اور نئے گرائونڈز کی تعمیر اور لڑکیوں کے لئے کھیلوں کے میدانوں کے لئے پندرہ ارب روپے سے زائد کے فنڈ ز مہیا کئے ۔میئر راولپنڈی سردار نسیم احمد خان اور راجہ حنیف ایڈووکیٹ ایم پی اے نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں کھیلو ں کے فروغ کے لئے پوری طرح کوشاں ہیں۔انہوںنے کہا کہ ملک کے گلی محلوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے صرف اس ٹیلنٹ کو نکھار کر آگے لیجانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ سے انہیں اس قابل بنایا جا سکتا ہے کہ وہ زندگی کے ہر میدان میںکامیابیاں حاصل کر سکیں۔

 

error: Content is protected !!