پہلے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سنچری،کک دنیا کے 5ویں بیٹسمین بن گئے


لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین ایلسٹر کک جنہوں نے بھارت کیخلاف جاری پانچ ٹیسٹ میچ کی سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ سے قبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا نے اپنے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچ میں سنچری داغ کر اس فہرست میں جگہ بنا لی ہے جس میں اپنے کیریئر کے پہلے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سنچری سکورکرنے والے بیٹسمین شامل ہیں، ایلسٹر کک یہ کارنامہ سرانجام دینے والے اب دنیا کے پانچویں بلے باز بن گئے ہیں جبکہ اپنے آخری ٹیسٹ میچ میں 147رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے ایلسٹر کک پہلے انگلش بیٹسمین ہیں جنہوں نے اپنے اولین اور آخری ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے کا کارنامہ سرانجام دیا ہے، اپنے پہلے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سنچری سکور کرنے والوں میں سب سے پہلا نام آسڑیلوی کرکٹر ریگی ڈف کا ہے جنہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز 1902 میں انگلینڈ کیخلاف سنچری سکور کی اور پھر اپنے کیریئر کے اختتامی ٹیسٹ 1905میں انگلینڈ کیخلاف ہی سنچری داغ دی، اس کے بعد دوسرے نمبر پر آسڑیلیا کے ہی کھلاڑی بل پونسفورڈ ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میچ 1924میں انگلینڈ کیخلاف سنچری سکورکی پھر اپنے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچ 1934میں انگلینڈ کیخلاف ہی سنچری بنا ڈالی، تیسرے نمبر پر بھی آسڑیلیا کے کھلاڑی گریک چیپل ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز 1970میں انگلینڈ کیخلاف سنچری سکور کی اور اپنے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچ 1984میں پاکستان کیخلاف بھی سنچری بنائی،چوتھے نمبر پر بھارت کے سابق کپتان اظہر الدین ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز میں انگلنیڈ کیخلاف 1984کو سنچری سکور کی اور پھر اپنے کیریئر کے کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ 2000میں جنوبی افریقہ کیخلاف سنچری داغی اور اب پانچویں نمبر پر انگلینڈ کے ایلسٹرکک ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بھارت کیخلاف 2006میں کیا تھا اور اس میں سنچری سکور کی تھی جبکہ اپنے کیریئر کی آخری سنچری بھی انہوں نے بھارت ہی کیخلاف سکور کی ہے۔

error: Content is protected !!