پینٹنگولر انڈر19 ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ، پنجاب اور سندھ کی جیت


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری پینٹنگولر انڈر 19 ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں پنجاب اور سندھ کی ٹیموں نے اپنے، اپنے میچز جیت لئے۔ بدھ کے روز ملتان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پنجاب نے فیڈرل ایریا کی ٹیم کو 2 وکٹوں سے ہرا دیا، فیڈرل ایریا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے، حیدرعلی نے 39 رنز بنائے، محمد شفقت نے 3 اور جنید خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں پنجاب کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، احتشام الحق نے 40 اور حسن ڈار نے 34 رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی، فہد حسین اور زین العابدین نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، دوسر ے میچ میں سندھ نے بلوچستان کو 115 رنز سے ہرا دیا، سندھ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، محمد طحہ خان نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 57 رنز اور صائم ایوب نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے، محمد وسیم 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، سعد نذیر نے 26 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں بلوچستان کی ٹیم 18.4 اوورز میں 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، محمد عمیر 20 رنز بنا کر نمایاں رہے، نادر شاہ نے 3 جبکہ محمد طارق اور محمد طحہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

error: Content is protected !!