پی ایس ایل فائنل ،کتنے ارب روپے کا سٹہ ؟بکیوں کے وارے نیارے ہوگئے

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) کراچی شہر میں 9 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر کروڑوں شہری جشن منا رہے تھے اور سیکورٹی ادارے پی ایس ایل فائنل کی سیکورٹی پر مامور تھے، سٹہ بازوں نے جواریوں سے اربوں روپے کما لیے۔ شہر قائد میں ایک اطلاع کے مطابق اتوار کے روز 7 ارب روپے کا سٹہ کھیلا گیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت سے بکیوں کے وارے نیارے ہوگئے کیونکہ جواریوں کی اکثریت نے پشاور زلمی کو فیورٹ قرار دے رکھا تھا۔پی ایس ایل فائنل پر سٹہ کھیلنے کے لیے کھارادر، بہادرآباد، عزیز آباد، ڈیفنس، کلفٹن، گلشن اقبال، کورنگی، قائدآباد سہراب گوٹھ، اورنگی اور دوسرے علاقوں میں کراچی میں بکیوں کی جانب سے کھلے عام جوا کھیلا گیا۔ اس دوران بڑے بکیوں کی جانب سے چھاپوں سے بچنے کے لیے ہائی ایکس وینوں اور کوسٹروں میں سیٹ اپ لگائے گئے تھے اور بکیوں کا سیٹ اپ لگی گاڑیاں سپرہائی وے پر چلتے ہوئے جوا بک کرتی رہیں۔ ایک کوسٹر میں 10 جبکہ ہائی ایکس وین میں 8 بکیوں کے نمائندے موجود تھے جو موبائل فون پر نمبروں پر جوا بک کر رہے تھے، اس حوالے سے بکیوں نے نئے نمبرز حاصل کیے تھے جو میچ کے آغاز سے ایک گھنٹہ قبل کھول کر گروپوں پر چلائے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بکیوں کی 18 سے زائد گاڑیاں سپرہائی وے پر موجود تھیں، بدنام بکی فیصل بافیلا کے کارندے زیادہ تر کوسٹروں میں سوار تھے جبکہ جمانی راجہ اور فیصل بابا کے کارندے بھی ہائی ایکس وینوں میں بیٹھ کر جوا بک کرتے رہے۔ اس کے علاوہ ڈیفنس کا عرفات اور فاروق مرچنٹ کے کارندوں کی جانب سے حیدرآباد میں اپنا سیٹ اپ لگایا گیا تھا جبکہ کھارادر میں راحیل کالا، قربان آگرہ تاج، گارڈن میں فیضان صادق پرچی، فیروز آباد میں عادل پرنس، وقاص چکلی، سلیم مٹکا، کھارادر کا اشفاق چارلی، سولجر بازار کا دانش تارا، جاوید یو بی ایل، سکندر، جبران، شریف کالا، وسیم اور دیگر کھلے عام پی ایس ایل کے فائنل پر جوا بک کرتے رہے۔پولیس کی جانب سے ڈیفنس اور کلفٹن میں سختی کی گئی تھی اور چند روز قبل بکیوں کے خلاف ایک بڑا آپریشن بھی کیا گیا تھا، جس کے باوجود بکیوں کی جانب سے نئی حکمت عملی کے تحت جوا چلایا گیا۔ ذرائع کے مطابق بہادرآباد، طارق روڈ پر بکیوں کی جانب سے بند دکانوں میں اپنا سیٹ اپ چلایا اس حوالے سے بکیوں نے پولیس کے بعض بیٹروں کو اعتماد میں لیا ہوا تھا۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے فائنل کے موقع پر پولیس کی ساری نفری سیکورٹی پر مامور تھی جس کا بکیوں نے پورا فائدہ اٹھایا اور کھلے عام بکیں چلاتے رہے۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 3 ارب کا سٹہ صرف ٹاس پر لگا تھا کہ پشاور زلمی کی ٹیم ٹاس جیت کر بیٹنگ کرے گی۔

error: Content is protected !!