پی ایس ایل فائنل کے لیے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے کراچی میں 25 مارچ کو ہونے والے فائنل کے لیے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی پر 8 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے اور روٹس، کھلاڑیوں اور ہوٹلز کے اطراف کی سیکیورٹی ایس ایس یو کے ذمے ہو گی۔پولیس ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فائنل کے لیے سیکیورٹی کے متعدد حصار بنائے گئے ہیں اور کھلاڑیوں کو ایئرپورٹ سے ہوٹل اور اسٹیڈیم لے جانےکے لیےخصوصی گاڑیاں استعمال کی جائیں گی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ہوٹلز کے اطراف خصوصی دستوں کے ساتھ کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں جن پر ڈرون کیمروں اور ایس ایس یو کی سکیورٹی وین سے نظر رکھی جائےگی۔

گاڑیوں کی پارکنگ

فائنل دیکھنے کے لیے آنے والے شہریوں کے لیے نیشنل اسٹیڈیم اور اطراف میں 8 پارکنگ لاٹس بنائے گئے ہیں جن میں سے 6 پارکنگ لاٹس عوام کے لیے بنائے گئے ہیں جبکہ وی آئی پی پارکنگ نیشنل کوچنگ سینٹر کے قریب چائنا گراؤنڈ میں اور وی وی آئی پی پارکنگ نیشنل اسٹیڈیم کے اندر ہو گی۔

پہلی پارکنگ ڈالمیا پٹرول پمپ کے قریب فٹبال گراؤنڈ میں ہو گی، دوسری پارکنگ یونیورسٹی روڈ پر حکیم سعید پلے گراؤنڈ میں ہو گی، تیسری پارکنگ بیت المکرم مسجد کے قریب اتوار بازار میں ہوگی، چوتھی پارکنگ کشمیر روڈ پر کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں ہو گی، پانچویں پارکنگ چائنا گراؤنڈ کشمیر روڈ پر ہو گی اور چھٹی پارکنگ کے ڈی اے گراؤنڈ کشمیر روڈ پر ہو گی۔

ذرائع کے مطابق وی آئی پی اور وی وی آئی پی پارکنگز کے لیےخصوصی اسٹیکرز جاری کیے جائیں گے۔

شہریوں کی جامہ تلاشی

شہریوں کی پہلی جامہ تلاشی پارکنگ لاٹس میں ہو گی جس کے بعد فائنل دیکھنے کے لیے آنے والوں کو خصوصی بسوں سے اسٹیڈیم کے قریب پہنچایا جائے گا۔

خصوصی بسیں شہریوں کو تین پوائنٹس پر اتاریں گی، شہریوں کو رعنا لیاقت ہوم اکنامکس کالج، ایکسپو سینٹر اور بحریہ کالج پر ڈراپ کیا جائے گا۔

شہریوں کی اتارے گئے پوائنٹس پر دوبارہ تلاشی لی جائیگی جہاں سے وہ پیدل اسٹیڈیم کی جانب جائیں گے۔

کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لانے پر پابندی ہو گی

پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے لیے آنے والوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور خواتین کے ہینڈ بیگ اسٹیڈیم لانےکی اجازت نہیں ہو گی۔

کھانے پینے کے اسٹالز اسٹیڈیم کے اندر ہی ہوں گے جبکہ میڈیا کے لیے اسٹیڈیم کے قریب ہی جگہ مختص کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پولیس حکام کی جانب سے سیکیورٹی پلان پر کل بریفنگ دیئے جانے کا امکان ہے۔

error: Content is protected !!