پی اے او نیٹ بال کونیشنل گیمز میں شامل کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرے‘ محمد اختر

اسلام آباد ( سپورٹس لنک رپورٹ ) قومی نیٹ بال ٹیم کے کپتان محمد اختر نے کہا ہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نیٹ بال کے کھیل کو نیشنل گیمز میں شامل کرکے کھلاڑیوں میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایشین نیٹ بال چیمپین شپ میں دوبار چاندی کا تمغہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کئی انٹرنیشنل ایونٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس کھیل کو نیشنل گیمز میں شامل نہ کرنا کھلاڑیوں اور پوری قوم کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار نیشنل گیمز میں نیٹ بال کے کھیل کو رکھا گیا تھا جن میں کراچی میں 2007 ء میں کھیلی گئی 30 ویں نیشنل گیمز، پشاور میں 2010ء میں، لاہور میں 2012ء میں اور حکومت کی جانب سے اسلام آباد 2012 ء میں منعقد کی جانے والی نیشنل گیمز میں شامل تھیں، انہوں نے کہا کہ آخر کیا وجہ ہے کہ نیٹ بال کے کھیل کو اکتوبر میں پشاور میں کھیلی جانے والی نیشنل گیمز میں شامل نہیں کیا گیا ہے، محمد اختر نے کہاکہ ہمیں آپس کی لڑائیوں کو ملکی مفاد کے لئے ختم کرکے اس کھیل کو نیشنل گیمز میں شامل کیا جانا چاہئے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے نیٹ بال کے کھیل کو نیشنل گیمز میں شامل نہ کھلاڑیوں اور ملک وقوم کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی کر رہی ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان محمد اختر نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹنینٹ جنرل(ر) سید عارف حسن سے اپیل کی ہے کہ وہ ملکی مفاد میں ذاتی دلچسپی لے نیٹ بال کے کھیل کو نیشنل گیمز میں شامل کروائیں تاکہ نیٹ بال کے کھلاڑیوں میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو سکے۔

error: Content is protected !!