پی سی بی کی میزبانی میں ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس کل لاہور میں ہوگا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی) کی میزبانی میں ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس کل ہفتہ کو لاہور میں ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان کی 2سالہ صدارتی مدت ختم ہوجائیگی اور آیندہ دوسال کیلئے صدارت بنگلا دیش بورڈ کے سربراہ کو سونپی جائے گی،اجلاس میں ایشیا ایمرجنگ کپ ،ڈویلپمنٹ پروگرامز اور مستقبل کے ایونٹس پر بھی تبادلہ خیال ہوگا، اجلاس کے شرکا کو لاہور شہر کے تاریخی مقامات کی سیر بھی کروانے کی تجویز ہے۔تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس کل ہفتہ کو لاہور میں ہو گا۔ بھارت اجلاس میں شریک نہیں ہو گا۔ اجلاس میں رکن ممالک کے 20سے زائد آفیشلز شریک ہوں گے۔ زرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہو گا جبکہ دیگر رکن ممالک کے 20کے لگ بھگ ارکان شریک ہوں گے۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیورچرڈسن بھی پاکستان پہنچ رہے ہیں ان کے پروگرام کو کل حتمی شکل دے دی جائے گی۔اجلاس میں اے سی سی کی صدارت بنگلہ دیش کو سونپی جائے گی۔ اس وقت صدارت دو سالہ مدت کے لیئے پاکستان کے پاس ہے۔بنگلہ دیش کے صدر ناظم الحسن اگلے دو برس کے لیے اے سی سی کی صدارت سنبھالیں گے۔ اجلاس میں ایشیا ایمرجنگ کپ کے حوالے سے بات چیت ہو گی۔ ایشیا ایمرجنگ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے۔ اس کے علاوہ ڈویلپمنٹ پروگرامز اور مستقبل کے ایونٹس پر بات چیت ہو گی۔اجلاس میں میڈیا کے نمائندوں کو کوریج کی اجازت نہیں دی ہوگی تاہم قذافی اسٹیڈیم میں سہ پہر تین بجے پریس کانفرنس ضرور رکھی گئی ہے جس میں پی سی بی کے سربراہ احسان مانی اور ایشین کرکٹ کونسل کے نئے صدر بنگلا دیش کے ناظم الحسن اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

error: Content is protected !!