چوتھی بین الصوبائی گیمز،پنجاب اپنے اعزاز کے دفاع کیلئے پرعزم


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹرایڈمن سپورٹس بورڈ پنجاب جاوید رشید چوہان نے کہا کہ چوتھی بین الصوبائی گیمز 18سے 20مارچ تک پشاور میں منعقد ہورہی ہیں جس میں پنجاب بطور چیمپئن اپنے اعزاز کا دفاع کریگا، تمام سپورٹس ایسوسی ایشنز گیمز کیلئے بھرپور تیاری کررہی ہیں، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی سرپرستی میںپنجاب کا دستہ پہلے سے زیادہ میڈلز جیت کر چیمپئن کا اعزاز برقرار رکھے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں چوتھی بین الصوبائی گیمز کی تیاری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میںڈپٹی ڈائریکٹرسپورٹس محمد حفیظ بھٹی، پاکستان اولمپک ایسوسی کے سیکرٹر ی خالد محمود، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ اور کھیلوں کے ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس بورڈ پنجاب جاوید رشید چوہان نے کہا کہ پنجاب کے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ہر ایونٹ میں فتح کے جھنڈے گاڑے ہیں، چوتھی بین الصوبائی گیمز کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں، تمام ایسوسی ایشنز سے مل کر بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے،انہوں نے کہاکہ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت کے مطابق کھلاڑیوں کو تیاری کیلئے بہترین سہولتیں فراہم کریں گے، بین الصوبائی گیمز میں 28کھیلوں میں پنجاب کے 300کھلاڑی شرکت کریں گے، گیمز کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں کے 8روزہ تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے جس میں ماہر کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے شرکاء کو بین الصوبائی گیمز سے متعلق بریفنگ دی۔

error: Content is protected !!