ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے وفد کی ملاقات

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نائب صدر و رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں پنجاب میں فٹ بال کے کھیل کے فروغ، سکولوں میں فٹ بال کا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے تعاون پر غور کیا گیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے باہمی تعاون سے تین بڑے شہروں میں انڈر16 فٹ بال کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ لگانے کا پروگرام ہے، وفد میں پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر نوید حیدر، ساہیوال فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ایم پی اے نوید ارشد لودھی اور سینئر صحافی صوفی ہارون شامل تھے، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب انڈر 16 کھلاڑیوں کا نیاٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے بھرپور کام کررہا ہے، اس کے لئے مختلف گیمز کی ترقی اور فروغ کے لئے مختلف شہروں میں مختلف کھیلوں کے تربیتی کیمپ بھی منعقد کئے گئے ہیں،فٹ بال کا کھیل بھی نوجوانوں میں بہت مقبول ہے کرکٹ کی طرح فٹ بال میں بھی بہت ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے،اسی سوچ کے تحت سپورٹس بورڈ پنجاب نے گزشتہ برس انڈر16انٹر ڈویژن فٹ بال چیمپئن شپ منعقد کرائی تھی جس میں پنجاب بھر سے نوجوان فٹ بالرز نے حصہ لیا، ملتان ڈویژن نے چیمپئن شپ جیتی تھی اور اس چیمپئن شپ سے نئے کھلاڑی ابھر کر سامنے آئے تھے جن میں چند کھلاڑیوں نے ساف گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرورنے مزید کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے باہمی تعاون سے لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں فٹ بال کے انڈر16کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ لگانے پروگرام ہے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نائب صدر و رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے ملاقات میں سپورٹس کے کلچر کے فروغ اور کھلاڑیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سپورٹس کو ترقی دینے کے لئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اس ویژن کولے کر پنجاب میں سپورٹس کا کلچر بحا ل کرنے کیلئے بہترین اقدامات کئے ہیں، گزشتہ چند ماہ نے سپورٹس بورڈ پنجاب نے سپورٹس کے بہترین ایونٹس منعقد کئے ہیں جو کہ قابل ستائش ہیں۔

error: Content is protected !!