ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کاخصوصی افراد کو سپورٹس کی سہولیات مفت فراہم کرنے کا اعلان

خصوصی افراد کو سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،خصوصی افراد کے لئے ڈھلوان بھی بنائی جائے تاکہ انکو کوئی دشواری نہ ہو
خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں، نظرانداز نہیں کیا جاسکتا،72ویں پنجاب گیمز میں بھی خصوصی افراد کیلئے ایونٹس رکھے گئے تھے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور

لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ ) 23مئی2019ء۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے صوبہ بھر میں خصوصی افراد کو سپورٹس کی سہولیات مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جمعرات کے روز ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے پنجاب کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ صوبہ بھر میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی جہاں بھی سپورٹس کی سہولیات میسر ہیں وہ خصوصی افراد کے لئے مفت ہوں گی،

خصوصی افراد سپورٹس کی تمام سہولیات مفت استعمال کرسکیں گے اس کے لئے ان سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، خصوصی افراد کی سہولت کے لئے تمام سپورٹس مقامات پر ویل چیئر کے لئے خصوصی طور پر ڈھلوان بنائی جائے تاکہ خصوصی افراد کو آنے اور جانے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے،

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں، ان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،72ویں پنجاب گیمز 2019ء میں بھی خصوصی افراد کے لئے ایونٹس رکھے گئے تھے جس میں خصوصی افراد نے بھرپور شرکت کی تھی، خصوصی افراد کے لئے مستقبل میں مزید ایونٹس منعقد کرائے جائیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی ہدایت پرخصوصی افراد کو مفت سپورٹس کی سہولیات کی فراہمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

error: Content is protected !!