ڈیسکون سپر لیگ ،نیسلے اور فاطمہ گروپ نے فائنل تک رسائی حاصل کر لی


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ )ڈیسکون سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں نیسلے نے پیکجز اورفاطمہ گروپ نے ڈیسکو ن کو پچھاڑ کر فائنل میں جگہ بنا لی ، دونوں ٹیمیں یکم دسمبر کو لاہور جم خانہ کرکٹ کلب میں مد مقابل ہوں گی ۔پہلے سیمی فائنل میں نیسلے اور پیکجز کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں نیسلے نے پیکجز کو 91 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی ۔نیسلے نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔نیسلے کی جانب سے زین العابدین نے 43 اور حامد حیات نے41 رنز بنائے جبکہ پیکجز کی جانب سے مزمل غفار نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پیکجز کی ٹیم پوری صرف70 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔نیسلے کے نوید ظفر نے 3 جبکہ محمد عرفان اور غلام مرتضی نے دو ،دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔بہترین بالنگ کرنے پر نیسلے کے نوید ظفر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں فاطمہ گروپ نے ڈیسکون کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم ڈیسکون نے پہلے کھیلتے ہوئے صرف77 رنز بنائے ۔۔فاطمہ گروپ کی جانب سے محمد سلمان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

فاطمہ گروپ نے مطلوبہ ہدف 11ویں اوورمیں حاصل کیا ۔ محمد سلمان کو شاندار بالنگ پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا ۔ایونٹ کے آرگنائزر فہیم مختار بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام میچز کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایلیٹ پینل امپائرز کی زیرنگرانی انعقاد کیا گیا ۔کارپوریٹ سیکٹر کے اس ایونٹ کو بیحد پذیرائی ملی ہے اور انشا اللہ آئندہ برس اس میں مزید بہتری لائی جائے گی ۔

error: Content is protected !!