ڈیسکون نے نیٹسول کو شکست د ے کر پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل ڈیسکون نے اپنے نام کر لیا ،فاتح ڈیسکون نے اپنے مد مقابل نیٹسول کی ٹیم کو 83رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی ۔لاہور جمخانہ کلب باغ جناح میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ڈیسکون کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 184رنز بنائے۔ محمد مبشر نے کارکردگی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ نیٹسول کے جنید جمشید نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں نیٹسول کی ٹیم ابتداء میں ہی مشکلات کا شکار رہی اور اس کے کھلاڑی وقفے وقفے سے آئوٹ ہوتے رہے ،نیٹسول کی پوری ٹیم101رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی ۔ڈیسکون کے کپتان فہیم بٹ نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بہترین بلے بازی پر محمد مبشر کو میچ کابہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تھری ڈی ماڈلنگ کے محمد جواد ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ355 رنز بناکر بہترین بلے باز ،پاکستان ٹیلی ویژن کے محمد الیاس 17 وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے بہترین بالر ،پاکستان ٹیلی ویژن کے ہی ذیشان چیمہ بہترین وکٹ کیپر اور حافظ وقاص بہترین فیلڈر قرار پائے۔

ٹورنامنٹ کی فاتح ڈیسکون کے محمد مبشر نے 16 چھکے لگا کر ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ فائنل کے اختتام پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کھلاڑیوں، آفیشلز ، فاتح اور رنر اپ ٹیم میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

ٹورنامنٹ آرگنائزر فہیم مختار بٹ نے کہا کہ 20 سال کے طویل عرصہ کے بعد اپنے والد پروفیسر مختار احمد بٹ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جس میں تمام ٹیموں نے بھرپور ساتھ دیا اور اس سیزن کو یادگار بنایا۔انشا اللہ آئندہ سیزن میں ٹورنامنٹ کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا ۔

error: Content is protected !!