ڈیوڈ ملان اور کپتان آئن مورگن نے کئی ریکارڈز پاش پاش کر ڈالے، نیوزی لینڈ کو شکست

نیپیئر (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ نے ڈیوڈ ملان اور کپتان آئن مورگن کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف کئی ریکارڈز پاش پاش کرنے کے ساتھ ساتھ چوتھے ٹی20 میچ میں فتح حاصل کر کے سیریز 2-2 سے برابر کردی۔نیپیئر میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔جونی بیئاسٹو کی شکل میں نیوزی لینڈ کو جلد ہی پہلی وکٹ مل گئی

لیکن دوسری وکٹ کے لیے ڈیوڈ ملان اور ٹام بینٹن نے اسکور کو 58 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر مچل سینٹنر نے دوسری وکٹ حاصل کرتے ہوئے بینٹن کی 31 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اس کے بعد ملان کا ساتھ دینے مورگن آئے اور دونوں نے میزبان باؤلرز کی خوب خبر لیتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ کی بنیاد رکھی۔دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی باؤلنگ لائن کے بخیے ادھیڑ دیے اور نت نئے عالمی ریکارڈز بھی قائم کیے۔

مورگن اور ملان کی جارحانہ بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دونوں نے 74 گیندوں پر 182 رنز کی شراکت قائم کی اور انگلینڈ کی جانب سے ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ قائم کردیا۔اس شراکت کا خاتمہ اننگز کے آخری اوورز میں اس وقت ہوا جب مورگن 41 گیندوں پر 7 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 91 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

ملان نے بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ٹی20 انٹرنیشنل مقابلوں میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی اور 51 گیندوں پر 6 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 103 رنز کی اننگز کھیلی۔ملان نے صرف 48 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور انگلینڈ کی جانب سے ٹی20 کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے جو ٹی20 کرکٹ میں انگلینڈ کا کسی بھی ٹیم کے خلاف سب سے بڑا اسکور ہے۔ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے اپنی ٹیم 27 گیندوں پر 54 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا لیکن مارٹن گپٹل اور کولن منرو کے 27 اور 30 رنز پر پویلین لوٹنے کے بعد دونوں نیوزی لینڈ کی ٹیم سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔89 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد ٹم ساؤدھی نے 15 گیندوں پر 4 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنانے کر کچھ لاج رکھ لی لیکن اس کے باوجود نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 19 گیندوں قبل ہی 165 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔انگلینڈ کی جانب سے میٹ پارکنسن 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ کرس جورڈن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔انگلینڈ نے میچ میں 76 رنز سے کامیابی حاصل کر کے پانچ میچوں کی سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔ڈیوڈ ملان کو فتح گر سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

error: Content is protected !!