ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرکے بے سکونی میں اضافہ کیاجائیگا:جاوید میانداد

لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا ہے کہ ریجنل کرکٹ میں سیاسی لوگوں کی مداخلت ختم نہیں ہوسکتی، کرکٹ بورڈصرف یہ بتا دے کہ اتنے سارے بیروزگارکرکٹرزکہاں جائیں گے ، جس کے پاس نوکری نہیں ہوگی وہ کرکٹ پر کیسے توجہ دے گا؟۔ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرکے قوم کی خدمت نہیں بلکہ بے سکونی میں اضافہ کیاجائیگا،وزیراعظم عمران خان کویہ سمجھنا چاہیے کہ ملک میں لوگوں کوروزی روٹی کے لالے پڑے ہیں،معاشی حالات کے باعث پہلے ہی معاشرے میں بے چینی ہے۔عبدالحفیظ کاردارنے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کا آغاز کیااور ہزاروں افراد کا روز گار اس سے وابستہ ہے،سب سے اہم بات یہ ہے کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ نے لسانی جھگڑوں کو ختم کیا، پنجاب اور کراچی کی پرانی نفرت ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور اتحاد پیدا کیا، ریجنل کرکٹ میں سیاسی لوگوں کی مداخلت ختم نہیں ہو سکتی، آپ کے پاس کیا گارنٹی ہے کہ وہاں سلیکشن کا عمل شفاف ہو گا؟۔ان کا کہنا ہے کہ ہونا تو یہ چاہیے تمام برانڈز کو آگے لائیں اور ان سے کرکٹ میں پیسہ لگوائیں، عمران خان کو وقت کی نزاکت کا احساس ہونا چاہیے۔

error: Content is protected !!