کرکٹ بورڈ آئندہ 4 سال کی منصوبہ بندی کے تحت فیصلے کرے گا،احسان مانی

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ آئندہ 4 سال کی منصوبہ بندی کے تحت فیصلے کرے گا جس میں کوچ اور کپتان کی تقرری بھی شامل ہوگی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع پر کوئی بات نہیں ہوئی۔غیر ملکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ وہ آئندہ 4 سال کی منصوبہ بندی کے تحت نئے فیصلے کریں گے جس میں کوچ اور کپتان کی تقرری بھی شامل ہوگی۔چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے ملاقات میں میں صرف ٹیم کی کارکردگی پر بات ہوئی ان کے معاہدے کی معیاد میں توسیع پر کوئی بات نہیں ہوئی۔احسان مانی نے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف ٹیم برا کھیلی لیکن جس طرح اس نے کم بیک کیا اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے یہ ٹیم کسی بھی ٹیم کو شکست دینے اہلیت رکھتی ہے۔خیال رہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور ہیڈکوچ مکی آرتھر کے درمیان لندن میں ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ مکی آرتھر کو کوچ برقرار رکھنے کے امکانات ہیں۔تاہم اب چیئرمین پی سی بی نے اس حوالے سے تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا ورلڈ کپ کے اختتام کے ساتھ ہی 3 سالہ معاہدہ ختم ہو گیا ہے تاہم مکی آرتھر بارہا پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔

error: Content is protected !!