کرکٹ بورڈ ورلڈ کپ کے بعد انضمام الحق کے معاہدے میں توسیع کا خواہشمند

لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے ورلڈکپ کے بعد بھی انضمام الحق کے معاہدے میں توسیع کی خواہش ظاہر کردی۔پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان کے ساتھ چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی ورلڈکپ میچز دیکھنے انگلینڈ جائیں گے۔ عید الفطر کے فوری بعد پاکستان کو آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف اہم میچز کھیلنا ہیں، اس موقع پر بورڈ حکام کے ساتھ چیف سلیکٹر بھی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے وہاں موجود ہوں گے۔ورلڈکپ میں پاکستان اورآسٹریلیا کا مقابلہ 12 جون کو طے ہے جب کہ روایتی حریف بھارت اور پاکستان کا آمنا سامنا 16 جون کو ہوگا۔ ذرائع کیمطابق ابتدائی پلان کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق دوہفتے انگلینڈ میں قیام کریں گے اورورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔چیف سلیکٹر سمیت قومی ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے تمام کوچنگ اسٹاف کا کنٹریکٹ ورلڈکپ تک ہے، کرکٹ کے اس عالمی میلے کے لیے منتخب کی جانے والی ٹیم انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کی آخری اسائمنٹ ہے۔ ورلڈکپ کے بعد انضمام الحق اور ان کے ساتھیوں کا مستقبل کیاہوگا، اس کا فیصلہ قومی ٹیم کی کارکردگی پر منحصر ہے۔بورڈ حکام کی خواہش ہیکہ انضمام الحق ورلڈکپ کے بعد بھی ذمہ داریاں نبھائیں۔ ایک اعلی حکام نے اس سلسلے میں معاہدے میں توسیع کے لیے سابق کپتان سے بات بھی کی ہے تاہم انضمام الحق نے فوری کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا، ان کا موقف ہے کہ وہ ورلڈکپ میں قومی کرکٹرز کی پرفارمنس اور حالات وواقعات کو سامنے رکھ کر جواب دیں گے۔

error: Content is protected !!