کیویز سے شکست کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی اعلان کردہ رینکنگ سے بھی پاکستان کیلئے بری خبر آگئی


دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق پاکستان کا کوئی بلے باز ابتدائی 10 بہترین بیٹسمینوں میں شامل نہیں جب کہ بولنگ کے شعبے میں محمد عباس تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بیٹنگ کے شعبے میں ویرات کوہلی 935 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ ایک سالہ پابندی کا شکار ہونے والے آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 910 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں، پاکستان کے اظہر علی کا فہرست میں 15واں نمبر ہے جب کہ اسد شفیق 23ویں اور کپتان سرفراز احمد 33ویں نمبر پر ہیں۔بولنگ کے شعبے میں جیمز اینڈریسن بدستور پہلی پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں، جنوبی افریقا کے کگیسو رابادا دوسرے اور پاکستان کے محمد عباس تیسری پوزیشن پر موجود ہیں جب کہ یاسر شاہ نے دو درجہ ترقی پا کر 19ویں پوزیشن حاصل کرلی۔آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بنگلادیش کے شکیب الحسن پہلی، بھارت کے روندرا جدیجا دوسری اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر تیسری پوزیشن پر موجود ہیں اور پاکستان کا کوئی آل راؤنڈر ابتدائی 20 بہترین آل راؤنڈرز میں شامل نہیں۔

error: Content is protected !!