کے ٹو سر کرنے کی کوشش میں کینیڈین کوہ پیما ہلاک

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ سر کرنے کی کوشش کرنے والا کینیڈا کا کوہ پیما سرگ ڈیسورینورٹ حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہوگیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق گلگت بلتستان کے محکمہ سیاحت کے عہدیدار نے بتایا کہ 53 سالہ کینیڈین کوہ پیما 8 ہزار 611 میٹر چوٹی پر کیمپ 2 اور 3 کے درمیان موجود تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔ٹِرپ کا انتظام کرنے والی کمپنی ’سمِٹ قراقرم‘ کے سخاوت حسین نے کینیڈا کے کوہ پیما کی حادثے میں ہلاکت کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ ’مجھے بیس کیمپ سے نوٹی فکیشن موصول ہوا کہ کینیڈین کوہ پیما اونچائی سے گر کر ہلاک ہوگیا، جس کے بعد اس کی لاش جدید بیس کیمپ منتقل کردی گئی۔‘ان کا کہنا تھا کہ کوہ پیما اپنے خاندان سے رابطے میں تھے۔واضح رہے کہ کے ٹو، نیپال میں ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے کی ’ماؤنٹ ایورسٹ‘ کہلانے والی سب سے اونچی چوٹی کے بعد دنیا کی دوسری بلند ترین پہاڑی چوٹی ہے۔کے ٹو کو پہلی بار 1954 میں سَر کیا گیا تھا، اس کے بعد سے اب تک صرف 306 کوہ پیما اس کی چوٹی پر پہنچ سکے جبکہ چوٹی سر کرنے کی کوشش کرنے والے 80 کوہ پیما ہلاک ہوئے۔یاد رہے کہ جون کے آخر میں ہنزہ میں اولتر چوٹی سر کرنے کے دوران حادثے کا شکار ہو کر آسٹریلیا کے کوہ پیما ہلاک ہوگئے جبکہ دو لاپتہ ہوگئے تھے۔تینوں کوہ پیما 7 ہزار 338 میٹر کی بلندی پر نصب اپنے عارضی خیموں میں سو رہے تھے کہ برفانی تودے کی زد میں آگئے تھے جس کے نتیجے میں ایک کوہ پیما ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

error: Content is protected !!