گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان گرین اور پاکستان بلیو کی ویمن بیس بال ٹیموں کا نمائشی بیس بال میچ

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان فیڈریشن بیس بال ملک میں ویمن بیس بال کی ڈیویلپ منٹ کے لئے بہت زیاد ہ کام کررہی ہے۔ اسی سلسلے میں ویمن بیس بال کا ایک نمائشی میچ پاکستان گرین اور پاکستان بلیو کے درمیان گورنر ہاؤس لاہور میں کھیلا گیا۔ جس میں پاکستان گرین نے پاکستان بلیو کو 10-7 سے ہرادیا۔
میچ کی مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی اہلیہ محترمہ بیگم پروین سرو ر صاحبہ تھیں جو کہ سرورفاؤنڈیشن کی وائس چیئر بھی ہیں۔ سید فخر علی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ ان کے ہمراہ فیڈریشن کے ایگزیکٹو ممبر شاہ منظر فرید، ایگزیکٹو ڈائریکٹر حسیب محمد، چیئر پرسن ویمن ونگ سعدیہ علوی، کو چ پاکستان ویمن بیس بال ٹیم طارق ندیم، ڈائریکٹر یوتھ بیس بال ڈیویلپمنٹ ڈاکٹر شاہین گلریز، ایگزیکٹو ممبر محمد یوسف کاظمی، لیگل ایڈوائزر فخر امیر کاظمی اور، گلوبل سپورٹس پارٹنر جوش جرمنی (یوایس اے) بھی موجود تھے۔ قومی ترانے کے بعد مہمان خصوصی سے دونوں ٹیموں کا تعارف کروایا گیا۔


میچ میں پاکستان گرین کی ٹیم نے پاکستان بلیو کو 7 کے مقابلے میں 10 رن سے ہرادیا۔ پاکستان گرین کی جانب سے نجمہ بی بی، انیلا، اقصیٰ اور مناہل نے 2 رن سکورکئے جبکہ ماہم اور غزالہ نے ایک ایک رن سکور کرکے اپنا حصہ بٹایا۔ پاکستان بلیو کی جانب سے راحیلہ اوربختاور نے 2 جبکہ رابعہ، طوبیٰ اور وحیدہ نے ایک ایک رن سکورکیا۔ پاکستان گرین کی جانب سے اقصیٰ جبکہ پاکستان بلیو کی جانب سے بختاور نے گرینڈ سلیم ہٹ کیاجس کی وجہ سے ان کی ٹیموں کے رن میں چار چار رنز کا اضافہ ہوا۔


میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی بیگم پروین سرور صاحبہ نے دونوں ٹیموں کے کھیل کی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ پاکستان کی خواتین کھلاڑی بیس بال کے انٹرنیشنل مقابلوں میں بھی اپنی عمدہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے وطن کے لئے کامیابیاں سمیٹیں گی۔ انہوں نے فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ کی بھی ویمن بیس بال کے لئے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں ویمن بیس بال کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گی اور پنجاب میں بیس بال گراؤنڈ کے لئے بھی کوشش کریں گی۔


اس موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ویمن بیس بال ٹیم 9 نومبر سے چائنا میں شروع ہونے والی دوسری ایشین ویمن بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے چائنا جارہی ہے۔ ٹورنامنٹ میں جاپان، کوریا، تائیوان، چائنا، ہانگ کانگ، فلپائن، انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ٹورنامنٹ کی فاتح اور رنر اپ ٹیم اگلے سال منعقد ہونے والے ویمن بیس بال ورلڈکپ کے لئے کوالیفائی کریں گی۔


میچ کے اختتام پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ اور فیڈریشن کے ایگزیکٹو ممبر منظر شاہ فرید نے مہمان خصوصی محترمہ بیگم پروین سرور کو فیڈریشن کی جانب سے سووینئر بھی پیش کیا

error: Content is protected !!