ہزارہ یونائیٹڈ نے لیثررلیگس نیشنل چمپئن شپ کھیلنے کی راہ ہموار کرلی


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) ہزارہ یونائیٹڈ ڈسٹرکٹ سنٹرل نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنے ہی ڈسٹرکٹ کی سکسٹین اسٹار ایف سی کو فائنل میں سڈن ڈیتھ ٹائی بریکر پر4-3سے شکست دیکرلیثرر لیگس انٹرا سٹی چمپئن شپ کی فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی اور آئندہ ماہ کراچی میں ہونے والے لیثرر لیگس نیشنل چمپئن شپ میں کراچی نمائندگی کا اعزازبھی حاصل کرلیا۔ ہزارہ یونائیٹڈ کے سیکریٹری سید حسن آغا اور سکسٹین اسٹار ایف سی کے ہارون شیرازی نے بحیثیت مہمانان خصوصی ونر ار رنر ٹرافی فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانوں کو پیش کیں۔انصار یونین گراؤنڈ کورنگی پر کھیلے جانے والے فائنل میں مقررہ وقت میں مقابلہ 0-0سے برابر رہا۔ ٹائی بریکر پر بھی 5-5پنالٹی ککس پر دونوں ٹیموں نے 3,3گول اسکور کئے ۔ تاہم ٹائی بریکر پر عرفان نے ہزارہ یونائیٹڈ کیلئے درست نشانہ لگایاجبکہ سکسٹین اسٹار کے عبدالرحمن کی کک باہر چلی گئی اور ہزارہ یونائیٹڈ4-3کی فیصلہ کن کامیابی کے ساتھ لیثررلیگس نیشنل چمپئن شپ میں آئی سی ڈبلیو اے ایف سی (لاہور)، ریڈ ڈیولز (اسلام آباد)، شروف ایف سی (کوئٹہ) ،تھنڈر بولٹ (حیدرآباد)، شیخ سیون ایف سی (مردان)، اکرم شہید ایف سی ،(قلعہ سیف اﷲ) ا ور شنواری ایف سی (پشاور) کے ہمراہ کوالیفائی کرلیا۔ ایونٹ میں شریک11ٹیموں نے انٹرا سٹی کیلئے کوالیفائی کیا۔ جنہیں گروپ ’اے‘ اور گروپ ’بی‘ میں تقسیم کیا۔گروپ ’بی‘ سے سکسٹین اسٹار‘ ٹارگیرین یونائیٹڈ، فینکس ایف سی اور اقرا یونیورسٹی جبکہ گروپ ’اے‘ سے کے ڈی ایف سی کو براہ راست کوارٹر فائنل میں جگہ ملی ۔گروپ ’اے‘ میں جوگا بونیٹو نے آؤٹ کاسٹ کو 3-0سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کیلئے محمد،مصطفی اور اسد نے ایک ایک بار گیند کو جال میں ڈالا۔ریڈ ڈیولز نے دی وائی کنگز کو 4-2سے ٹائی بریکر پرناکام کیا۔ ہزارہ یونائیٹڈ نے انٹریونائیٹڈ کو 4-0کی ہزیمت سے دوچار کیا۔ عباس نے 2تقی اور عرفان نے ایک ایک گول اسکور کیا۔کوارٹر فائنل میں ریڈڈیولز نے جوگا بونیٹوکو رئیس اور عقیل کے ایک ایک گول کی بدولت 2-0سے کامیابی حاصل کی۔دوسرے کوارٹر فائنل میں ہزارہ یونائیٹڈ نے کے ڈی اے ایف سی کو 3-0سے ٹھکانے لگایا۔ عرفان ، ہاشم اور نبی نے ایک ایک بار گیند کو جال کے حوالے کیا۔گروپ ’اے‘ سے ریڈ ڈیولز اور ہزارہ یونائیٹڈ نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔گروپ ’بی‘ میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں سکسٹین اسٹار نے ٹارگیرین یونائیٹڈ کو 3-0سے زیر کیا۔کپتان عبدالرحمن نے فاتح ٹیم کیلئے 2جبکہ ایک گول حمزہ نے اسکور کیا۔دوسرے کوارٹر فائنل میں اقرا یونیورسٹی نے فینکس ایف سی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی ککس پر 4-2سے قابو کیا۔ سکسٹین اسٹار اوراقرا یونیورسٹی کی ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔ پہلے سیمی فائنل میں سکسٹین اسٹار نے اقرار یونیورسٹی کو دلچسپ مقابلے کے بعد عبدالرحمن کے واحد اور فیصلہ کن گول کی بدولت 1-0اور دوسرے سیمی فاننل میں ہزارہ یونائیٹڈ کوریڈ ڈیولز کیخلاف 1-0کی برتری حاصل ہوئی۔ میچ کا فیصلہ کن گول عرفان نے اسکور کیا۔

error: Content is protected !!