یکم جنوری سے انڈر16کھلاڑیوں کیلئے 7کھیلوں کے کوچنگ کیمپ


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام یکم جنوری 2019ء بروز منگل سے انڈر16کھلاڑیوں کے لئے 5مختلف شہروں میں 7کھیلوں کے کوچنگ کیمپ آف سپورٹس بورڈ پنجاب شروع کررہے ہیں،کیمپ 30جنوری تک جاری رہیں گے جن کی رنگارنگ افتتاحی تقاریب منعقد ہونگی، جمنیزیم ہال نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں میٹ ریسلنگ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی ہونگے جبکہ اتھلیٹکس کی افتتاحی تقریب پنجاب سٹیڈیم میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب ہوں گے، کیمپ میں کھلاڑیوںکو کھانا،اعزازیہ، سپورٹس کٹس بھی دی جائیں گی،کیمپ میں شاندار کارکردگی کرنے والے کھلاڑیوں کو مزید تربیت دلانے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک محمد انیس شیخ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی و دیگر بھی موجود تھے، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ میں پاور لفٹنگ کوچنگ کیمپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور، گوجرہ ہاکی سٹیڈیم میںہاکی کوچنگ کیمپ کے مہمان خصوصی کمشنر فیصل آباد آصف اقبال، فیصل آباد میں کبڈی کوچنگ کیمپ کے مہمان خصوصی مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس عمر فاروق، سیالکوٹ میں والی بال کوچنگ کیمپ کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر تعلیم برائے سپیشل ایجوکیشن ہوں گے۔


ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے بتایا کہ کیمپ میں کے لئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز لئے گئے اور میرٹ کی پالیسی پر سختی سے عمل کرتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے، سفارش کلچر کو دفن کردیا ہے، اب جینوئن کھلاڑی آگے آئیں گے جو مستقبل میں پاکستان کے سٹار بنیں گے، کوالیفائیڈ کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے، کیمپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کا ڈیٹا بنایا جائے گا اور ان کو مزید ٹریننگ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے،کوچنگ کیمپ ہر چار ماہ بعد لگائے جائیں گے جس سے 800کھلاڑی تیار ہوں گے جس سے ریجنل سپورٹس پروان چڑھے گی، اگلہ مرحلہ یکم اپریل سے 30 اپریل تک ہو گا، لڑکیوں کے کوچنگ کیمپ بھی لگائیں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جلد کبڈی کا بڑا ایونٹس کرارہے ہیں ، فروری میں لاہور میراتھن ہوگی، اس کے بعد وسیع پیمانے پر دنگل کرایا جائے گا جبکہ اپریل میں پنجاب گیمز منعقد ہوں گی، مسلسل ایونٹس سے سپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور نوجوان سپورٹس کی طرف آئیں گے،۔

error: Content is protected !!