10سری لنکن کرکٹرز کا پاکستان آکر کھیلنے سے انکار

کولمبو (سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکن ٹیم کے رواں ماہ شیڈول دورہ پاکستان کی راہ میں مشکلات حائل ہونے لگی ہیں اور 10 سری لنکن کرکٹرز نے دورے پر پاکستان جانے سے انکار کردیا ہے۔سری لنکا نے تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے لیکن اب یہ دورہ کھٹائی میں پڑتا نظر آ رہا ہے۔دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈ نے ون ڈے اور ٹی20 سیریز کراچی اور لاہور میں کھیلنے پر اتفاق کیا تھا جس کے لیے سری لنکن ٹیم کو 26ستمبر کو پاکستان پہنچنا تھا لیکن اب اس کی راہ میں مشکلات حائل ہو گئی ہیں۔سری لنکن بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کو گرین سگنل دینے کے بعد اپنے کھلاڑیوں سے بات چیت کی لیکن کھلاڑیوں کی جانب سے اسے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا جو پاکستان جانے پر راضی نہیں۔سری لنکن کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کےلئے سینیئر کھلاڑیوں کو رضامند نہیں کرسکا اور ون ڈے ٹیم کے کپتان دمتھ کرونارتنے اور ٹی20 قائد لاستھ ملنگا سمیت 10 اہم کھلاڑیوں نے پاکستان جا کر کھیلنے سے معذرت کرلی۔دورہ پاکستان کے سلسلے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ انتظامیہ کی کھلاڑیوں سے ملاقات اور انہیں پاکستان میں سیکیورٹی سے آگاہ کیا گیا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بریفنگ کے بعد کھلاڑیوں سے پاکستان جانے سے متعلق رائے مانگی لیکن 10 کھلاڑیوں نے دورہ پاکستان سے انکار کردیا۔جن کھلاڑیوں نے پاکستان جانے سے منع کیا ان میں ون ڈے ٹیم کے کپتان دمتھ کرونارتنے اور ٹی20 قائد لاستھ ملنگا کے ساتھ ساتھ تجربہ کار اینجلو میتھیوز، دنیش چندیمل، تھسارا پریرا، کوشل پریرا نروشن ڈکویلا، دھننجیا ڈی سلوا، اکیلا دھننجیا اور سورنگا لکمل شامل ہیں۔سری لنکن بورڈ کے مطابق کوشل مینڈس انجری کے باعث دورہ پاکستان کی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہے جس کے سبب بورڈ کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں کیونکہ سینئر اور اہم کھلاڑیوں کی جانب سے انکار کے بعد حکام کے لیے ٹیم کی تشکیل ایک بڑا مرحلہ ہے۔سری لنکن بورڈ کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے کھلاڑی فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں۔یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر گزشتہ مرتبہ بھی کئی سینئر اور اہم سری لنکن کھلاڑیوں نے پاکستان کے دورے سے انکار کردیا تھا اور اس موقع پر ٹیم کی قیادت تھسارا پریرا نے کی تھی لیکن اس مرتبہ وہ بھی پاکستان جانے سے انکار کر چکے ہیں۔

error: Content is protected !!