11عالمی،2اولمپکس ٹائٹل جیتنے والی جرمن سائیکلسٹ اپاہج ہوگئیں

برلن ( سپورٹس لنک رپورٹ) 11 عالمی سائیکلنگ ٹائٹلز اور دو اولمپکس گولڈمیڈلز جیتنے والی جرمن کی کرسٹینا ووگل اپاہج ہوگئیں۔ جون میں جرمن شہر کوٹ بس میں ٹریننگ کرتے ہوئے وہ ساتھی سائیکلسٹ سے ٹکرا کر شدید زخمی ہوگئیں تھیں۔ حادثے میں ان کی ریڑھ کی ہڈی متاثر ہوئی اور ان کی ٹانگوں نے کام کرنا چھوڑدیا ہے۔ 27 سالہ ووگل نے کہا ہے کہ مجھے جلد یا بدیر یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی۔ میں جتنا جلد یہ مان لوں گی، زندگی گذارنے کے نئے طریقے سیکھنے میں اتنی ہی آسانی رہے گی۔ خیال رہے کہ ایکسیڈنٹ کے بعد انہیں ایئر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کے کئی آپریشن ہوئے۔ اس دوران ان کے یا اسپتال کی جانب سے صحت یا بحالی سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا گیا۔ ووگل کا کہنا ہے کہ میں نہیں چاہتی تھی کہ دنیا مجھے اس حالت میں دیکھے۔ البتہ اب میں نے خود کو سنبھال لیا ہے اور میں کہہ سکتی ہوں کہ اب میں ٹھیک ہوں۔ دریں اثنا حادثے کے وقت ووگل کے ساتھی سائیکلسٹ نے اپیل کی ہے کہ کوٹ بس سائیکلنگ ریس کے شرکا اپنی تمام پرائز منی ووگل اور ان کےاہل خانہ کو عطیہ کریں تاکہ ان کےلیے گھر، علاج اور دیگر اخراجات میں مدد ہوسکے۔

error: Content is protected !!