ایشز سیریز آسڑیلیا کے نام

آسٹریلیا نے پرتھ ٹیسٹ میں انگلینڈ کو ایک اننگز اور 41 رنز سے شکست دے کر 5 میچز کی سیریز میں 0-3 کی واضح برتری حاصل کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرلی۔

پرتھ ٹیسٹ کے پانچویں دن کا کھیل بارش کے باعث متاثر ہوا تاہم جب آخری دن کا کھیل شروع ہوا تو انگلش ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

انگلش بیٹنگ لائن آسٹریلیا کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور بلے باز میچ بچانے میں ناکام رہے، پوری ٹیم دوسری اننگز میں 218 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 662 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلئیر کردی تھی جب کہ مہمان انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 403 اور دوسری میں 218 رنز بناسکی۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز ونس 55 اور ڈیوڈ ملان 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں السٹرل کک 14، اسٹون مین 3، کپتان جوئے روٹ اور جونی برسٹو 14،14، معین علی 11، کرس ووکس 22، کریگ اوور ٹن 12 اور اسٹارٹ براڈ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوش ہیزلی ووڈ نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ نیتھن لیون اور پیٹ کمنز نے 2،2 اور مچل اسٹارک نے ایک شکار کیا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے 5 میچز پر مشتمل ایشز سیریز میں 0-3 کی واضح برتری حاصل کرلی  جب کہ اس سے قبل ایشز سیریز میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔

error: Content is protected !!