کیویز نے پہلے ون ڈے میں کالی آندھی کو روک لیا

ڈگ بریسویل اور ٹوڈ ایسٹل کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، کیویز نے 249 رنز کا ہدف 46 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا ، بریسویل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ گزشتہ روز کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے کالی آندھی کو بیٹنگ کی دعوت دی، ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ایون لیوس 76 اور روومان پاویل 59 رنز بنا کر نمایاں رہے، کرس گیل 29 رنز بنا کر چلتے بنے، شائی ہوپ صفر، ہٹمیئر 29، جیسن محمد 9، کپتان جیسن ہولڈر 8، ایشلے نرس 2 اور بیٹن 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ولیمز 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بریسویل نے 4، ایسٹل نے 3 اور فرگوسن نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 46 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، جارج وورکر اور کولن منرو نے ٹیم کو 108 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، منرو 49 اور وورکر 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان کین ولیمسن 38 رنز بنا کر ہولڈر کی گیند پر بولڈ ہوئے، ٹام لیتھم اور نیکولز 17، 17 رنز بنا کر چلتے بنے، روز ٹیلر نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی ، ہولڈر اور نرس نے دو، دو اور ولیمز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

error: Content is protected !!