پی او ایف اور پاکستان ہاکی فیڈریشن میں کھیل کی ترویج کیلئے معاہدہ

پاکستان آرڈننس فیکٹریز اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مابین پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی ترویج و ترقی کے لیے آج ایک معاہدہ طے پایا جس کے تحت دونوں ادارے باہمی اشتراک سے قومی سطح کی ہاکی اکیڈمی کا قیام عمل میں لائیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن پی او ایف کے ہاکی گرائونڈ میں نئی آسٹروٹرف بچھائی گی۔ دونوں ادارے مشترکہ طور پر آسٹروٹرف کی تزئین و مرمت کے ذمہ دار ہوں گے۔ یاد رہے کہ 1991میں پی او ایف میں بچھائی گئی آسٹروٹرف اب ناکارہ ہو چکی ہے جس پر قومی اور بین الاقوامی سطح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔ ماضی میں پی او ایف آسٹروٹرف پر کئی قومی اور بین الاقوامی ہاکی مقابلوں کا انعقاد ہو چکا ہے۔

معاہدے پر پی او ایف بورڈ کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی، ہلال امتیاز (ملٹری) اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے دستخط کیے۔ اس موقع پر شہباز سینئر سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ڈاکٹر عامر مراد صدر پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سفارش پر اعلیٰ کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کو پی او ایف میں ملازمت کی پیش کش بھی کی جائے گی۔ مقامی ہاکی کلبس اور سکولوں کی سطح پر کوچنگ پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا جس کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی اور بین الاقوامی سطح کے ہاکی کوچز کو پی او ایف لانے کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔ عالمی سطح کے ہاکی کھلاڑیوں کو پی او ایف ہاکی گرائونڈ پر کھیلنے کے لیے مدعو کیا جائے گا جس سے پی او ایف کے ہاکی کھلاڑیوں کا معیار بہتر ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سفارش پر پی او ایف میں ملازمت حاصل کرنے والے کھلاڑی، کوچز اور آفیشلز پی او ایف سپورٹس بورڈ کے وضع کردہ ٹریننگ پروگرامز میں شرکت کے پابند ہوں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن ہر سال قومی سطح کے چار ٹورنامنٹس پی او ایف واہ آسٹروٹرف پر منعقد کروائے گی۔ پی او ایف مقامی سطح کے ہاکی مقابلے اس گرائونڈ پر منعقد کرے گی تاکہ نوجوانوں کو اس کھیل کی طرف راغب کیا جاسکے۔ امید کی جاتی ہے کہ پی او ایف انتظامیہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مشترکہ کاوشوں سے روبہ زوال ہاکی کے کھیل کو دوبارہ اپنے اصل مقام پر لانے میں مدد ملے گی۔

error: Content is protected !!