قومی کرکٹ ٹیم ویلنگٹن پہنچ گئی،جم میں ورزشیں

پاکستانی کرکٹ ٹیم نیلسن سے ویلنگٹن پہنچ گئی۔ قومی کھلاڑیوں نے جم میں ایکسرسائز کی، ٹریننگ سیشن آج ہوگا جبکہ ہفتے کو میزبان ٹیم کے خلاف پہلا ون ڈے شیڈول ہے ۔ گزشتہ روز قومی کھلاڑیوں نے ویلنگٹن پہنچنے کے بعد جم میں مختلف ورزشیں کرتے ہوئے اپنی فٹنس کو بہتر بنایا جبکہ باقاعدہ پریکٹس سیشن آج سے شروع ہوگا۔

 

ٹیم منیجر طلعت علی کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوچکے، پریکٹس میچ میں اچھی کارکردگی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ، ون ڈے سیریز کا فاتحانہ آغاز کریں گے۔واضح رہے کہ گرین شرٹس میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلیں گے ، 5 ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 6 جنوری سے ہوگا۔

9 جنوری کو دوسرا ون ڈے نیلسن، 13 جنوری کو تیسرا ون ڈے ڈونیڈن، 16 جنوری کو چوتھا ون ڈے ہملٹن جبکہ 19 جنوری کو پانچواں اور آخری ون ڈے ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 22 جنوری کو ویلنگٹن، دوسرا 25 جنوری کو آکلینڈ اور تیسرا 28 جنوری کو ماؤنٹ مانگینوئی میں شیڈول ہے ۔دو روز قبل کھیلے گئے وارم اپ میچ میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ الیون کو 120رنز سے شکست دی تھی جہاں اظہر علی اور فخر زمان نے سنچریاں سکور کیں ۔

error: Content is protected !!