پرتھ کے نئے کرکٹ سٹیڈیم کو انٹرنیشنل میچوں کی اجازت

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے پرتھ میں قائم نئے اسٹیڈیم کو عالمی معیار کے مطابق قرار دیتے ہوئے یہاں انٹرنیشنل میچز کے انعقاد کی منظوری دے دی ہے۔

آئی سی سی میچ ریفری رچی رچرڈسن نے 60ہزار گنجائش کے حامل اس نئے اسٹیڈیم کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ جمع کرائی اور انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک اس سے بہتر اور شاندا اسٹیڈیم کا دورہ نہیں کیا اور اس کا معیار طے کردہ معیار سے بھی زیادہ بلند ہے۔

سابق ویسٹ انڈین کپتان نے کہا کہ یہ ایک شاندار اور اعلیٰ معیاری اسٹیڈیم ہے جس میں تینوں فارمیٹ کے میچز کے انعقاد کی تجویز پیش کرتے ہوئے میں کسی بھی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کر رہا۔

نیا پرتھ اسٹیڈیم 28 جنوری کو پہلی مرتبہ میچ کی میزبانی کرے گا جہاں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پانچواں میچ اس گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا اور اس میچ کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔

پرتھ کا واکا اسٹیڈیم 1970 سے ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کر رہا ہے اور اسے ایک دور میں دنیا کی تیز ترین وکٹ تصور کیا جاتا تھا جس پر کھیلنا بلے بازوں کیلئے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا۔

گزشتہ ماہ واکا نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی جو اس مقام پر 44واں اور آخری ٹیسٹ میچ تھا اور اس میں آسٹریلیا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 41 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

error: Content is protected !!