پاکستان کی بیٹنگ لائن ناکام،تیسرا ون ڈے اور سیریز دونوں ہاتھ سے گئے

نیوزی لینڈ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو 183 رنز سے شکست دے دی۔

کیویز کے 258 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام نظر آئی اور پوری ٹیم صرف 74 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

واضح رہے کہ یہ نیوزی لینڈ میں کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

 گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن اننگز کے آغاز پر ہی اُس وقت لڑکھرا گئی جب صرف 2 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گر گئیں، اظہر علی صفر، فخر زمان 2 اور محمد حفیظ صفر رن  پر پویلین لوٹے۔

بعدازاں بابر اعظم 8، شعیب ملک 3، شاداب خان صفر، فہیم اشرف 10، حسن علی ایک، محمد عامر 10 اور رومان رئیس 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان سرفراز احمد نے 14 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

ڈنیڈن میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 50 اوورز میں 257 رنز اسکور کیے۔

کیوی کپتان کین ولیمسن نے 73 رنز بنائے جبکہ روس ٹیلر 52 اور مارٹن گپٹل 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور رمان رئیس نے 3،3، شاداب خان نے 2 جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ لی۔

آج کے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ پاکستان ٹیم میں امام الحق کی جگہ فخر زمان کو شامل کیا گیا تھا جو انجری کے باعث دوسرا ون ڈے نہیں کھیل پائے تھے۔

آج کی فتح کے بعد پانچ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-3 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس طریقے کے تحت 61 رنز سے شکست دی تھی۔

جبکہ دوسرے میچ میں بارش کے باعث نیوزی لینڈ کی اننگز 25 اوورز تک محدود کردی گئی تھی، اس میچ میں بھی کیویز نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

 

error: Content is protected !!