کیا پاکستان وائٹ واش سے بچ پائے گا؟5ویں ون ڈے سے قبل بڑا سوال

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آخری ون ڈے ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا، میزبان نیوزی لینڈ کی نگاہیں کلین سوئپ پر جمی ہیں تو چیمپئنز کی چیمپئن ٹیم پاکستان کو اس داغ سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے۔

ٹیم پاکستان کو کیویز کے دیس میں پے در پے شکست کا سامنا ہے،اب ہے آخری ون ڈے میچ میں مسلسل چار ناکامیوں کا زخم کھانے والی ٹیم کو زخمی شعیب ملک کی خدمات بھی حاصل نہیں ہوں گی ان کی جگہ عمر امین کو ملنے کا امکان ہے۔

یہ بھی امکان ہے اظہر علی کی واپسی ہوگی یا پھر عامر یامین کو فائنل الیون میں ڈالا جائےگا ، یعنی ٹیم میں ایک دو تبدیلیاں تو ہوں گی لیکن نتیجہ بدلنے کے لیے کھیل بھی بدلنا ہوگا۔

نیوزی لینڈ نے پانچویں ون ڈے کے لیے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کو مسلسل پانچویں شکست کو ٹالنے کے لیے بڑا اسکور اور پھر اچھی بولنگ اور فیلڈنگ بھی کرنی ہوگی تب ہی وائٹ واش سے بچ سکیں گے۔

ویلنگٹن میں میچ کے اوقات میں بارش کا امکان کم ہے، یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 3 بجے شروع ہوگا۔

اگر پاکستان پانچواں ون ڈے میچ بھی ہار گیا تو یہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ون ڈے انٹرنیشنل میں مسلسل 11 ویں شکست ہوگی۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کو جس ٹیم نے لگاتار سب سے زیادہ شکست دی ہے وہ جنوبی افریقا ہے، جنوبی افریقا کی ٹیم نے 1995 سے 2000 کے درمیان ہونے والے 14 ون ڈے میچز میں پاکستان کو شکست دے دوچار کیا تھا۔

پاکستان کو پہلے ون ڈے میں 61 رنز، دوسرے ون ڈے میں 8 وکٹ، تیسرے ون ڈے میں 183 رنز اور چوتھے ون ڈے میں 5 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی البتہ پریکٹس میچ پاکستان نے 120 رنز سے جیت لیا تھا۔

ون ڈے سیریز کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز 22 جنوری سے ہوگا۔

error: Content is protected !!