ملتان میں جدید باکسنگ رنگ بنائیں گے، نئی آسٹروٹرف بھی بچھائی جائیگی

سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمدعامر جان نے کہا ہے کہ ملتان میں جلدجدید باکسنگ رنگ بنایا جائے گا اور ہاکی کی آسٹروٹرف بچھائی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق جنوبی پنجاب میں سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، جنوبی پنجاب میں سپورٹس کے کئی ترقیاتی منصوبے جاری ہیںجن کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جارہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ملتان میں سپورٹس کے جاری منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم، تحصیل سپورٹس آفیسرزاور ٹھیکیداروں نے شرکت کی، متعلقہ افسران نے سیکرٹری سپورٹس پنجاب کو منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ دی، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں ان کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلئے سپورٹس کے جدید منصوبے شروع کئے گئے ہیں، ان منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہا ہے ، ملتان میںجدیدباکسنگ رنگ بھی بنانے کا منصوبہ ہے جس پر کام جاری ہے، مستقبل قریب میں اس پر باقاعدہ کام شروع کردیا جائے گا جبکہ ہاکی کھلاڑیوں کیلئے نئی آسٹروٹرف بھی بچھائی جائے گی۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے ملتان میں سپورٹس کے زیر تعمیر منصوبوں سپورٹس جمنیزیم، فلڈ لائٹس کرکٹ گرائونڈ، ای لائبریری اور دیگر کا معائنہ کیا، انہوں نے کام کے معیار کا بھی جائزہ لیااور متعلقہ افسران کو ہدایت کی منصوبوں کی تعمیر میں معیار کا خاص طور پر خیال رکھا جائے اور ان کو مقررہ مدت کے اندر ہی مکمل کیا جائے، اس معاملے میں کو غفلت یا کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی،منصوبے قوم کی امانت ہیں ، ان کو جلدازجلد مکمل کرکے عوام کے حوالے کیاجائے۔

error: Content is protected !!