سپورٹس بورڈ پنجاب انٹر ڈویژن انڈر16بوائز ہاکی چیمپئن شپ منعقد کرائے گا

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے جس کی ترقی کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب انٹر ڈویژن انڈر16بوائز ہاکی چیمپئن شپ 2018ء منعقد کرارہا ہے، چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیموں کو انعامی رقم بھی دی جائے گی، انہوں نے کہاکہ چیمپئن شپ کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا جس کو کو نکھارنے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے، ان خیالات انہوں نے بدھ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں چیمپئن شپ کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہاکی ڈویلپمنٹ نوید عالم، سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد آصف ناز، سینئر کوچ شاہد محمود نظامی اور ڈویژنل سپورٹس آفیسران نے شرکت کی۔


سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ جب تک سکولوں میں ہاکی کے کھیل کو فروغ نہیں دیا جائے گا، نئے کھلاڑی سامنے نہیں آئیں گے،گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے انٹر ڈویژن انڈر16بوائز ہاکی چیمپئن شپ 2018ء منعقد کرانے کا فیصلہ کیاہے جس میں بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے ہر ڈویژن کی ٹیم بنائی جائے گی اور پھر انٹر ڈویژن مقابلے ہوں گے، کامیاب ہونیوالی ٹیم کوحوصلہ افزائی کیلئے انعامی رقم بھی دی جائے گی۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب نے بتایا کہ ٹیموں کی تیاری کیلئے ایک کمیٹی بنائی جائے گی جس میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر، کوچ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نامزد رکن اور جس ڈویژن میں قومی ہاکی ٹیم کا کھلاڑی یا سابق ہاکی کھلاڑی ہیں وہ بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے جس سے ہاکی کے کھیل میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی، ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں، ان کو صلاحیتوں کے اظہار کیلئے بہترین پلیٹ فارم فراہم کررہے ہیں، نوجوان محنت کریں اور سپورٹس کے میدان میں نام کمائیں۔

error: Content is protected !!