نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ آج سے،بلوچستان کے دوکھلاڑی شامل

 

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)بلوچستان اسنوکر ایسو سی ایشن کی خصوصی درخواست پر پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن نے نیشنل اسنوکر میں بلوچستان کے دو اور کھلاڑیوں شامل کرکے چیمپئن شپ میں سندھ، پنجاب اور کے پی کے کھلاڑیوں کی تعداد کو یکساں کردیا۔

نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ آج 12فروری سے کراچی جیم خانہ کے اسنوکر ہال میں شروع ہورہی ہے۔ پی بی ایس اے کے ترجمان نوید کپاڈیہ نے جنگ کو بتایا کہ بلوچستان ایسو سی ایشن نے چیمپئن شپ میں چھ کھلاڑی شامل کرنے پر احتجاج کیا اور ایسو سی ایشن سے درخواست کی کہ دیگر صوبوں کی طرح ان کے بھی چیمپئن شپ میں آٹھ کھلاڑی شامل کئے جائیں۔

سندھ، پنجاب اور کے پی کے جاری شیڈول میں آٹھ آٹھ کھلاڑی تھے جس پر فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان کے مزید دو کھلاڑیوں کو اس میں شامل کیا جائے۔ اس طرح اب ایونٹ میں تمام صوبوں کے کھلاڑیوں کی تعداد کو یکساں کردیا گیا۔

پرانا شیڈول چونکہ تین چار روز پہلے ترتیب دیا گیا تھا اس لئے اب نیا شیڈول پیر کو جاری کیا جائے گا۔ ایونٹ کی انعامی رقم دو لاکھ72ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ محمد سجاد ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے ۔ایونٹ میں شریک54کھلاڑیوں میں تین کو وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے جبکہ چار کھلاڑیوں کا انتخاب نیشنل جونیئر اور انڈر18چیمپئن شپ سے کیا گیا ہے۔

 

error: Content is protected !!