ایکواڈور اوپن کا ٹائٹل رابرٹو کاربیلس بائنا نے جیت لیا


کوئیٹو،روٹرڈیم،نیویارک(سپورٹس ڈیسک)ایکواڈور اوپن کا ٹائٹل سپین کے رابرٹو کاربیلس بائنا نے جیت لیا،انہوں نے ہم وطن البرٹ راموس ونولاس کو شکست دے کر اولین اے ٹی پی ٹرافی پر قبضہ کیا۔ایکواڈور اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن معرکے میں عالمی نمبر107رابرٹو کاربیلس بائنا نے نمبر دو سیڈ ہم وطن حریف البرٹ راموس ونولاس کو چھ ،تین،چار، چھ اور چھ ،چار سے شکست دے کر اولین اے ٹی پی ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ،واضح رہے کہ چوبیس سالہ پلیئر ایک سالہ عرصے کے دوران ٹور کی سطح پر ایک کامیابی بھی حاصل نہیں کر سکے تھے مگراس ٹورنامنٹ میں سات دن کے دوران چھ فتوحات کے ساتھ انہوں نے سرفہرست پوزیشن حاصل کرلی۔ وہ گزشتہ تین ایونٹس جیتنے والے وکٹر ایسٹریلا برگوس کے بعد پہلے ان سیڈ پلیئر بھی بنے جنہوں نے ٹائٹل فتح حاصل کی کیونکہ اس سے قبل کوئٹو میں سیڈڈ کھلاڑی پاؤلو لورینزی،نکولس جیری اور البرٹ راموس ونولاس نے ہی کامیابی حاصل کی تھی۔ ادھر ہالینڈ کے شہر روٹرڈیم میں اے بی این ایمرو ورلڈ ٹینس ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا خاتمہ ہو گیا اور پہلے راؤنڈ میں نمبر چھ سیڈ جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈیخ نے جرمنی کے میسچا زویریو کو سات،پانچ اور چھ،تین سے ہرا دیا جبکہ سپین کے فیلیسیانو لوپیز نے سلواکین کوالیفائر مارٹن کلیزان کو چھ،تین اور سات،چھ کے سکور سے ٹھکانے لگا دیا۔ امریکہ میں شروع ہونے والے نیویارک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہوم کنٹری کے کرسٹوفر یوبینکس نے ٹاپ سیڈ جاپانی حریف ٹارو ڈینیئل کو سات،پانچ اور چھ،تین سے مات دے دی جبکہ برطانیہ کے لیام براڈی نے نمبر تین سیڈ ہم وطن حریف کیمرون نوری کو چھ،چار اور سات،چھ سے ہرا کر زبردست اپ سیٹ کردیا۔

error: Content is protected !!