پی ایس ایل متوالوں کا لہو گرمانے کیلئےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز اوراسلام آباد یونائیٹڈ کاآج ٹکرائیں گی

راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل )کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین نمائشی میچ آج راولپنڈی کر کٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،میچ شام ساڑھے 5بجے شروع ہوگا۔میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے علاوہ سابق کر کٹرزمعین خان،عبدالرزاق، وقار یونس اور شوبز کی دنیا سے تعلق رکھنے والے سٹارز شرکت کریں گے ،میچ کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں سابق قومی کپتان معین خان، اونر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ندیم عمر، سابق قومی آل راؤنڈر عبدالرزاق، اسد شفیق، انور علی، رمیز راجہ جونیئر، عمر امین، محمد جنید، محمد اعظم خان، فراز احمد خان، نبیل ہاشمی، وقار علی سید اور حسن عمر شامل ہیں۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فلم سٹار سعود، اداکار فیروز خان، شہروز سبزواری، گلوکار فاخر اور گلوکارہ عائمہ بیگ بھی ایکشن میں نظر آئیں گے ۔دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت سابق قومی کپتان مصباح الحق کریں گے جب کہ سابق کپتان وقار یونس، رومان رئیس، شاداب خان، فلم سٹار فواد خان اور دیگر بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔دریں اثنا پی ایس ایل تھری کے میچز کے ٹکٹوں کی فروخت کل سے شروع ہوگی جبکہ فائنل کیلئے ٹکٹ یکم مارچ کو فروخت کیلئے پیش کئے جائیں گے ۔پی ایس ایل تھری کے لاہور میں ہونے والے 2 پلے آف میچز کے ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوگی جبکہ کراچی میں شیڈول فائنل کیلئے ٹکٹ یکم مارچ کو فروخت کیلئے پیش کئے جائیں گے ۔ ٹکٹوں کی قیمت کا تعین بعد میں کیا جائے گا تاہم امکان یہی ہے کہ گزشتہ ایونٹ کی نسبت اس بار نرخ کم رکھے جائیں۔واضح رہے کہ پی ایس ایل تھری کا آغاز 22 فروری کو ہوگا، دبئی میں ایونٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہو گی، ایونٹ کے زیادہ تر میچز دبئی اور شارجہ میں ہوں گے جب کہ آخری 2 پلے آف میچز لاہور اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔علاوہ ازیں کراچی واٹر بورڈ نے بھی پی ایس ایل تھری کے فائنل کے موقع پر اپنا کردار ادا کرنے کا اعلان کردیا ۔برساتی پانی کی نکاسی کیلئے ڈالی جانے والی لائن میں رسا کا خاتمہ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ، میچ کے دوران کیمپ لگایا جائے گا۔ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے سٹیڈیم کے قریب پانی سے بھرے متعدد ٹینکرز، سیور کلینگ، جیٹنگ اور راڈنگ مشینیں موجود ہوں گی، واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ہاشم رضازیدی نے ادارے کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ پی ایس ایل فائنل کے موقع پرنیشنل سٹیڈیم اور اطراف کے علاقوں میں فراہمی ونکاسی آب کے خصوصی اقدامات کئے جائیں، دنیائے کرکٹ کی نظریں پاکستان سپر لیگ کے فائنل پر مرکوز ہیں،اس موقع پر واٹر بورڈ پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت دیگر تمام متعلقہ اداروں سے بھرپور تعاون کرے گا ، واٹربورڈ حکام نے نیشنل سٹیڈیم حکام کے ساتھ سٹیڈیم کا تفصیلی دورہ بھی کیا، اس دوران حکام نے فیصلہ کیا کہ گھاس میں دبے دو مین ہولوں اور سیوریج لائن کی صفائی اور سٹیڈیم کے احاطے کے اندر و باہر گٹروں کی مرمت اور ان پر رنگ سلیب و ڈھکن رکھنے کے کام کا فوری آغاز کردیا جائے گا۔

error: Content is protected !!