عمید آصف نے پاکستان سپر لیگ میں نیا ریکارڈ بنا دیا

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)پشاور زلمی کے عمید آصف نے پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی سے اپنی ٹیم کو ایونٹ میں پہلی فتح دلانے کے ساتھ ساتھ منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح کیلئے 177 رنز کا ہدف دیا جس کا حصول عمید آصف نے عمدہ باؤلنگ سے ناممکن بنا دیا۔

پاکستان سپر لیگ میں پہلا میچ کھیلنے والے فاسٹ باؤلر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا اور یونائیٹڈ کی ٹیم 25 رنز پر ہی چار وکٹیں گنوا کر میچ سے باہر ہو گئی۔

انہیں میچ میں پانچویں وکٹ لینے کا بھی موقع ملا لیکن مشہور بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال ان کی گیند پر کیچ نہ تھام سکے اور وہ پانچ وکٹیں لینے سے محروم رہ گئے۔

عمید آصف نے میچ میں 23 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

اس شاندار باولنگ کی بدولت عمید نیا ریکارڈ بناتے ہوئے پاکستان سپر لیگ میں ڈیبیو پر بہترین باؤلنگ کرنے والے فاسٹ باؤلر بن گئے۔

واضح رہے کہ عمید آصف پشاور زلمی کے ابتدائی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے لیکن حسن علی کی انجری اور ابتدائی میچوں کیلئے عدم دستیابی کے سبب انہیں اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔

error: Content is protected !!