جان سینا نے اپنے مستقبل کے بارے میں آخر فیصلہ کرہی لیا

نیویارک (سپورٹس لنک رپورٹ)کچھ ماہ سے ریسلنگ رنگ میں ناقص کارکردگی سے مایوس سولہ بار کے ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن جان سینا نے اپنے مستقبل کے بارے میں آخر فیصلہ کرہی لیا۔

رائل رمبل 2018 اور ایلیمنیشن چیمبر میں ناکامی کے بعد ریسل مینیا 34 میں کسی بڑے نام کے مدمقابل آنے کا موقع نہ ملنے پر مایوس جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای کے سال کے بڑے ایونٹ کے لیے اپنے منصوبے کا اعلان کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 8 اپریل کو شیڈول ایونٹ کے لیے جان سینا نے کچھ زیادہ واضح نہیں کیا کہ وہ کس طرح ریسل مینیا میں جگہ بنائیں گے اور کس کے مدمقابل آئیں گے، تاہم ایک کچھ اہم اعلانات ضرور کیے۔

گزشتہ شب را میں جان سینا نے بات کرتے ہوئے رائل رمبل اور ایلیمنیشن چیمبر میں اپنی ناکامیوں کے باعث ریسل مینیا کے لیے مواقع محدود ہونے کا ذکر کیا۔

مگر پھر اچانک انہوں نے لیجنڈ ریسلر انڈرٹیکر کو ریسل مینیا میں مقابلے کا چیلنج کردیا۔

تاہم چیلنج کرتے ہی اسے واپس بھی لے لیا اور کہا کہ یہ میچ ہونا ناممکن ہے کیونکہ اس بات کا امکان نہیں کہ انڈرٹیکر اسے قبول کریں گے۔

جان سینا نے انکشاف کیا کہ انہیں بتایا گیا ہے ‘ یہ میچ ممکن نہیں اور دونوں ریسلرز ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں آئیں گے’۔

تو الجھن کا شکار رہنے کی بجائے جان سینا نے را کو چھوڑ کر منگل کی شب اسمیک ڈاﺅن لائیو میں جانے کا فیصلہ کیا تاکہ انہیں اپنے ریسل مینیا منصوبے کا زیادہ بہتر اندازہ ہوسکے۔

واضح رہے کہ اگرچہ بظاہر انڈر ٹیکر ریسل مینیا 33 میں رومن رینز کے ہاتھوں شکست کے بعد ریٹائر ہوچکے ہیں، تاہم اس کا کوئی باضابطہ اعلان اب تک نہیں ہوا جبکہ گزشتہ ماہ را کے پچیس سال مکمل ہونے پر منعقد خصوصی شو میں بھی لیجنڈ ریسلر اس حوالے سے کچھ واضح نہیں کہا۔

تاہم یہ ڈبلیو ڈبلیو ای ہے، جہاں ناممکن کو بھی ممکن کیا جاسکتا ہے اور اکثر ماہرین کا خیال ہے کہ درحقیقت جان سینا کی مایوسی اور میچ کو ناممکن کہنا درحقیقت اس مقابلے کے انعقاد کے حوالے سے پرستاروں کا جوش و خروش بڑھانا ہے، جبکہ لیجنڈ ریسلر کو بھی اپنے خول سے باہر نکالنا ہے۔

اور دوسری جانب یہ بھی ممکن ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای اس طرح انڈر ٹیکر کی ایک بار واپسی کی تمام افواہوں کو ختم کرنا چاہتی ہو، تاہم امکان یہی ہے کہ را کی بجائے ان دونوں بہترین ریسلرز کے مقابلے کے ماحول کا آغاز اسمیک ڈاﺅن سے ہو، جس کی ریٹنگ حالیہ مہینوں کے دوران بہت تیزی سے نیچے گئی ہے۔

error: Content is protected !!