فیفا فٹبال ہائوس کا قبضہ ایک دو روز میں لے لیںگے،احمد یار لودھی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے کہا ہے کہ فیفا فٹ بال ہائوس لاہور کا قبضہ ایک دو روز میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو مل جائے گا، عدالت نے ہماری درخواست پر سید فیصل صالح حیات کی صدارت میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کو بحال کردیا ہے۔

ایک قومی اخبار سے خصوصی گفتگو میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار خان لودھی کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستانی فٹ بال کا تاریخ ساز دن ہے، عدالت نے ہماری حق و سچ پر مبنی درخواست پر جو فیصلہ دیا ہے وہ پاکستانی فٹ بال تباہ کرنے والی قوتوں کیلئے نشان عبرت بنے گا۔

سن 2015 میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات آئین و قانون کے مطابق کرائے تھے لیکن اس وقت کی حکومت کی آشیر باد اور ان کی ایماء پر پاکستان سے فٹ بال کو ختم کرنے کی گھنائونی سازش کے تحت فٹ بال ہائوس پر قبضہ کرکے نوجوان کھلاڑیوں عالمی سطح پر مقابلوں سے محروم کیا۔

بہرحال اللہ کا شکر ہے عدالت نے میرٹ پر فیصلہ کرتے ہوئے فیصل صالح حیات کی باڈی کو تسلیم کیا اور فٹ بال ہائوس کا قبضہ انہیں دینے کا حکم دیا۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید خادم علی شاہ کا کہنا تھاکہ عدالت کے فیصلے سے ثابت ہوگیا ہے کہ ملک میں انصاف کرنے والے ایماندار لوگ موجود ہیں۔

فیصلہ تاریخ ساز ہے، تین سال میں پاکستانی فٹ بال کی تباہی کا حساب لیا جائے، موجودہ حکومت کے ایماء پر پاکستانی فٹ بال تباہ کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی اور پاکستان کو دنیا بھر میں رسوا کرایا گیا۔ تین سالوں میں پاکستان کا عالمی سطح پر جو نقصان ہوا ہے اس کا خمیازہ بھی انہی حکومتی اہلکاروں پر جرمانہ لگا کر وصول کیا جائے۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے فیصل صالح حیات کی صدارت میں جو کامیابیاں حاصل کی تھیں اس کا ملکی تاریخ میں تصور بھی نہ تھا۔ آج کا دن بہت مبارک ہے۔

error: Content is protected !!