قومی کبڈی چیمپئن شپ کا آغاز،افتتاحی میچ میں ایرانی ٹیم کی جیت

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت روایتی کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے، روایتی کھیل کبڈی میں پنجاب کے گبھرو نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، قومی کبڈی چیمپئن شپ کے انعقاد سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کھلاڑیوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، 40 قومی کبڈی چیمپئن شپ میں ایران کی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ممالک دوستی کے رشتے میں مضبوطی سے بندھے ہیں، ٹیم کی آمد سے ہمارے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ویلو ڈروم نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں 40ویں قومی کبڈی چیمپئن شپ کے افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا

قبل ازیں گرائونڈ میں آمد پر صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ کا پاکستان کبڈی فیڈریشن کے عہدیداران نائب صدر رمضان گھمن، سیکرٹری رانا سرو رڈپٹی ڈائریکٹرسپورٹس محمد حفیظ بھٹی اور دیگر نے پھولوں کے ہار پہنا کر خوش آمدید کہا،ٹورنامنٹ میں کینڈا کبڈی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سنتوش سنگھ بھی موجود تھے ،صوبائی وزیر نے اس موقع پر چیمپئین شپ کے آغاز کا اعلان کیا، گرائونڈ کبڈی کے شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، اور مقابلوں سے بھرپور محظوظ ہوئے، اپنے خطاب میںصوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے مزید کہا کہ سپورٹس کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں اور جتنی خطیر رقم سپورٹس کے فروغ کیلئے مختص کی ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، پنجاب میں 50جدید جمنیزیم ، سیکڑوں گرائونڈز ، 25ہاکی گرائونڈز،سپورٹس کمپلیکس ، 74فلڈ لائٹس کرکٹ گرائونڈز اور سپورٹس سٹیڈیم تعمیر کئے جارہے ہیں

ان منصوبوں کی تکمیل سے سپورٹس کا کلچر فروغ پائے گا اور نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں میسر ہوں گی۔صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے مزید کہا کہ کبڈی پنجاب کا صدیوں پرانا کھیل ہے جو آج بھی مقبول ترین کھیلوں میں شمار ہوتا ہے، کبڈی میں ہمارے کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں جو کہانٹرنیشنل ایونٹس میں بھی اپنی مہارت منوا چکے ہیں، پنجاب حکومت روایتی کھیلوں کی بھی سرپرستی کررہی ہے، چیمپئین شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کھلاڑیوں کو قومی کبڈی ٹیم میں شامل کیا جائے گا جو بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیں گے۔

صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے ایرانی کبڈی ٹیم کا پاکستان آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے پاکستان آنے سے پاک ایران دوستی مزید مضبوط ہوگی اور عوام میں اس کی جڑیں مضبوط ہوں گی، ایران نے کبڈی کے کھیل میں اپنا مقام بنایا گیاہے، ہماری کوشش ہوگی کہ دونوں ممالک سپورٹس کے وفود کا تبادلہ کریں تاکہ سپورٹس کو مزید فروغ مل سکے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے پاک ایران دوستی کے نعرے لگوائے۔اس موقع پر پنجاب اور ایران کی کبڈی ٹیموں کا مہمان خصوصی جہانگیر خانزادہ سے تعارف کرایا گیا

دونوں ٹیموں نے الگ الگ ان کے ساتھ گروپ فوٹوزبنوائے۔چیمپئین شپ میں 12نیشنل ٹیمیں جن میں آرمی، واپڈا ، ریلوے، پولیس ، ایئرفورس ، سوئی گیس ، پی او ایف واہ کینٹ، پنجاب، سندھ، بلوچستان،خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور ایرانی کبڈی ٹیم بھی حصہ لے رہی ہیں ۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ پنجاب اور ایران کی کبڈی ٹیموں کے درمیان خصوصی میچ کھیلا گیا جس میں جس میں ایرانی کبڈی ٹیم نے پنجاب کو 41-40 پوائنٹس سے شکست دی۔

error: Content is protected !!