کس بھارتی کرکٹر کو کیا ملا؟نیا سنٹرل کنٹریکٹ آگیا


نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے سالانہ کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا ہے جس میں ویرات کوہلی ، روہت شرما اور بھویشنور کمار سمیت جسپریت بھمرا اور شیکھر دھون بھی سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں ۔بورڈ آف کرکٹ کنٹرول ان انڈیا ( بی سی سی آئی ) نے یکم اکتوبر 2017 سے 30 ستمبر 2018 تک کے لیے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے۔بی سی سی آئی نے اس بار ملک کی جانب سے تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لیے ایک اضافی کیٹیگری بھی قائم کی ہے جس میں بھارتی ٹیم کے کپتا ن ویرات کوہلی، اوپنر روہت شرما اور فاسٹ بولر بھویشنور کمار کے علاوہ شیکھر دھون اور جسپریت بھمرا بھی شامل ہیں۔بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے اے پلس کیٹیگڑی میں شامل کھلاڑیوں کے لیے سالانہ 7 کروڑ روپے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔بی سی سی آئی کی جانب سے اے کیٹیگری میں 7 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا اور ہر کھلاڑی 5 کروڑ روپے سالانہ کا حقدار ٹھہرے گا۔اے کیٹیگری میں روی چندرن ایشون، رویندرا جڈیجہ، مرلی وجے، چتیشور پجارا، اجنکیا رہانے، مہندرا سنگھ دھونی اور وریدھیمن ساہا شامل ہیں۔بھارت کی جانب سے بی کیٹیگری میں سینٹرل کنٹریکٹ پانے والے کھلاڑیوں میں لوکیش راہول،امیش یادیو، کلدیپ یادیو، یزویندرا چاہل، ہاردک پانڈیا، اشانت شرما اور دنیش کارتک شامل ہیں۔ اس کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو 3 کروڑ روپے سالا نہ معاوضہ ملے گا۔بی سی سی آئی کی جانب سے ایک کروڑ روپے سالانہ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو سی کیٹیگری میں رکھاگیا ہے، سی کیٹیگری میں کیدر جادھو، منیش پانڈے، ایکسر پٹیل، کرن نائر، سریش رائنا، پارتھو پٹیل اور جینت یادیو شامل ہیں۔کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں معاوضے میں سب سے زیادہ اضافہ شیکھر دھون حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں جن کی تنخواہ میں 1300 فیصد اضافہ ہوا ہے۔بی سی سی آئی کے سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق شیکھر دھون گزشتہ برس 50 لاکھ روپے سالانہ معاوضہ لے رہے تھے لیکن ان کی سالانہ تنخواہ 7 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔اسی طرح روہت شرما ، بھویشنور کمار اور جسپریت بھمرا کے معاوضے میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 600 فیصد ہو اہے جبکہ اجنکیا رہانے کے معاوضے میں 150 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

error: Content is protected !!