سہ ملکی ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز،بھارت نے بنگلہ دیش کو دبوچ لیا

کولمبو(سپورٹس لنک رپورٹ)سہ ملکی ٹی ٹونٹی ٹرائی سیریز کے دوسرے میچ میں بھارت نے بنگلا دیش کو چھ وکٹوں سے ہرا کر کامیابی کا اکاؤنٹ کھول لیا،شیکھر نے نصف سنچری بنائی مگر دو وکٹیں لے کر وجے شنکر مرد میدان قرار پائے۔ آر پریماداسا سٹیڈیم میں بھارت نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو بیٹنگ کیلئے طلب کیا اور تمیم اقبال کو 15 اور سومیا سرکار کو 14 رنز پر گھیر لیا۔ لٹن داس نے 18 رنز بنانے والے مشفق الرحیم کے ساتھ سکور 66 رنز تک پہنچایا تھا تو وجے شنکر نے دو اوورز میں مشفق الرحیم اور پھر کپتان محمود اللہ کو ایک رن پر رخصت کر کے بنگالیوں کی کمر توڑ دی۔ لٹن داس نے 34 رنز میں تین چوکے لگائے جبکہ صابر رحمن نے بھی تین چوکوں اور ایک چھکے سمیت 30 رنز کا اضافہ کیا لیکن بنگلا دیش کو آٹھ وکٹوں پر 139 رنز بنانے کا موقع مل سکا۔ بھارت کی جانب سے جیدیو نے تین جبکہ وجے شنکر نے دو کھلاڑیوں کو برخاست کیا۔ جوابی اننگز میں بھارت ٹیم بھی چھٹے اوور کے آغاز تک 40 رنز پر دو وکٹیں کھو بیٹھی جب روہت شرما 17 اور رشبھ پنت سات رنز ہی بنا سکے لیکن شیکھر نے 28 رنز بنانے والے سریش رائنا کے ساتھ 68 رنز کی شراکت قائم کر کے فتح کو یقینی بنا دیا۔ اگرچہ اننگز کے 17 ویں اوور میں شیکھر بھی پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنا کر چلتے بنے لیکن منیش پانڈے نے 27 اور دنیش کارتھک نے دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی اور روبیل حسین کی دو وکٹیں بھی ضائع ہو گئیں۔

error: Content is protected !!