دبئی ( سپورٹس لنک رپورٹ)کراچی کنگز کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے گزشتہ روز میچ کے دوران غصہ کرنے پر ملتان سلطانز کے بلے باز سیف بدر سے معافی معانگ لی۔گزشتہ روز ملتان سلطانز کے خلاف 63 رنز کی کامیابی میں بلے بازوں کے ہمراہ شاہد آفریدی نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔شاہد آفریدی نے اپنے 4 اوورز میں 18 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کا شکار کیا تھا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔کراچی کنگز کے لیگ اسپنر نے چھکا کھانے کے بعد اگلی ہی گیند پر ملتان سلطانز کے سیف بدر کو آؤٹ کر کے غصے میں پویلین جانے کا اشارہ کیا تھا۔اس واقعے کے بعد سیف بدر نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں شاہد آفریدی کو لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ شاہد بھائی میں اب بھی آپ کو پسند کرتا ہوں۔شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے پر سیف بدر سے معذرت کی اور کہا کہ جو کچھ ہوا وہ کھیل کا حصہ تھا لیکن میں ہمیشہ نوجوانوں کی حمایت کرتا ہوں۔