بارسلونا(سپورٹس لنک رپورٹ)لیونل میسی کے کیریئر کے تیز ترین گول اور عمدہ کارکردگی کی بدولت ہسپانوی کلب بارسلونا نے چیلسی کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 3-0 سے شکست دے کر 4-1 کی مجموعی برتری کے ساتھ چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔بارسلونا میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کو ان کے اسٹار فٹبالر میسی نے شاندار آغاز فراہم کیا اور میچ کے 128ویں سیکنڈ میں گول کرکے اپنے کیریئر کا تیز ترین گول اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔میچ کے 20ویں منٹ میں میسی ایک مرتبہ پھر ایکشن میں نظر آئے اور ان کے عمدہ پاس پر عثمان ڈیمبیلے نے کلب کیلئے اپنا پہلا گول کر کے بارسلونا کو 2-0 کی برتری دلا دی۔اس دوران چیلسی کی ٹیم کافی بدقسمت رہی جب مارکوس الونسو کی ماری گئی کک گول پوسٹ پر لگ کر واپس آ گئی جبکہ اولیور جیروڈ کو گرانے کے باوجود چیلسی کو پینالٹی نہ دی گئی۔ہاف ٹائم تک بارسلونا کو میچ میں 2-0 کی برتری حاصل تھی اور میچ کے 63ویں منٹ میں لیونل میسی نے ایک اور گول کر کے چیمپیئنز لیگ میں 100 گول اسکور کرنے کا کارناجہ انجام دینے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کی جیت پر مہر ثبت کردی۔جب امپائر نے میچ ختم کرنے کا اعلان کیا تو اسکور بورڈ پر 3-0 کا ہندسہ بارسلونا کی فتح کا اعلان کر رہا تھا جس نے مجموعہ طور پر 4-1 کے اسکور سے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔