جوہانسبرگ ٹیسٹ،جنوبی افریقہ488رنز پر آئوٹ،آسڑیلیا مشکلات کا شکار


جوہانسبرگ (سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلوی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور اس کے سر پر فالو آن کا خطرہ منڈلا رہا ہے، کینگروز نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنا لئے تھے، مہمان آسٹریلیا کو پروٹیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 378 اور فالو آن سے بچنے کیلئے 177 رنز درکار ہیں، عثمان خواجہ 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان ٹم پین 5 اور پیٹ کمنز 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ورنن فلینڈر نے 3 وکٹیں لیں، دریں اثناء جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 488 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، ٹیمبا باووما 95 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پیٹ کمنز نے 5 اور نیتھن لیون نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہفتہ کو جوہانسبرگ ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقن ٹیم نے 313 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو باووما 25 اور ڈی کوک 7 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا، 384 کے سکور پر نیتھن لیون نے کوک کو آؤٹ کر کے ٹیم کو دن کی پہلی کامیابی دلائی، کوک 39 رنز بنا سکے، 412 کے سکور پر ورنن فلینڈر 12 رنز بنا کر لیون کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر کیشومہاراج نے باووما کا ساتھ دیا، دونوں کھلاڑیوں نے نویں وکٹ کی شراکت میں 76 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی، 488 کے سکور پر کمنز نے مہاراج کو آؤٹ کر کے ٹیم کو نویں کامیابی دلائی، مہاراج 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مورکل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، باووما ایک اینڈ پر ڈٹے رہے تاہم دوسرے اینڈ پر کوئی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکا اسلئے 5 رنز کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور 95 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پیٹ کمنز نے 5 لیون نے 3 اور چیڈسیئرز نے 2 وکٹیں لیں۔

جواب میں آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور 110 رنز پر اس کی 6 وکٹیں گر گئیں، کینگروز اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 10 کے سکور پر اسے جوئے برنز کا نقصان اٹھانا پڑا جو 4 رنز بنا کر ربادا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، 34 کے سکور پر میٹ رینشا 8 رنز بنانے کے بعد فلینڈر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، پیٹر ہینڈزکامب بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، اس موقع پر عثمان خواجہ اور شان مارش نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 90 کے سکور پر فلینڈر نے عثمان کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ ڈالی، عثمان نے 53 رنز کی اننگز کھیلی، 96 کے سکور پر آسٹریلیا کی یکے بعد دیگرے مزید دو وکٹیں گر گئیں جس کے بعد وہ دباؤ میں آ گئی، شان مارش 16 اور مچل مارش 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسطرح دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 6 وکٹوں پر 110 رنز بنا لئے تھے اور اسے پروٹیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے 378 اور اور فالو آن سے بچنے کیلئے 177 رنز درکار ہیں، ٹم پین 5 اور کمنز 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، فلینڈر نے تین جبکہ مورکل، مہاراج اور ربادا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

error: Content is protected !!