پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز2018 کے سلسلے میں سوات ریجن میں مردوں کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے جس میں مجموعی طورپر ڈسٹرکٹ سوات نے 111 پوائنٹس کے پہلی پوزیشن حاصل کی ، دیر اپر 77 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ دیر لوئر 55 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبرپر رہی ، اختتامی تقریب کے موقع پر ڈائریکٹرآپریشن سپورٹس بورڈ خیبرپختونخوا سید ثقلین شاہ نے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں ۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ سلیم رضا ‘اے ڈی سپورٹس نعمت اللہ ‘ منیجر فنانس امجد خان ، اکاؤنٹس آفیسر شکیل احمد،ڈی ایس او امیر زاہدشاہ ،اے ڈی منیر عباس‘ذاکراللہ‘ڈی ایس او بہادر سید ‘مختیار ‘رحمت اللہ ‘انٹرنیشنل کوچ شاہ فیصل ،رسہ کشی ایسوسی ایشن کے صدر تاج محمد سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں
سوات ریجن میں ڈسٹرکٹ دیر لوئر ، چترال ، شانگلہ ، دیر اپر اور ڈسٹرکٹ سوات کے چھ سو سے زائد کھلاڑیوں نے پندرہ مختلف گیمز میں حصہ لیا ، آخری روز کھیلے گئے مقابلوں میں ٹیبل ٹینس میں سوات نے چترال کو تین صفر ، رسہ کشی میں دیر لوئر نے دیر اپر کو چھ تین ، جوڈو میں سوات نے 55 پوائنٹس کے ساتھ پہلی ، دیر اپر نے 33 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ،دیر لوئرتیسری نمبر پر رہی ، ہاکی میں سوات نے دیر لوئر کو تین ایک سے شکست دی
کراٹے میں سوات نے 72 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ، دیر اپر نے پچپن پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ، ٹینس میں شانگلہ نے سوات کو چھ دو سے شکست دیکر پہلی پوزیشن حاصل کی ، اسرار بہترین ایتھلیٹ قرار پائے جنہوں نے لانگ جمپ ، دوسو میٹر اور چارسو میٹر میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹرآپریشن سید ثقلین شاہ نے کہا کہ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کی طرف سے انڈر23 گیمز میں شریک کھلاڑیوں کو مکمل کٹ، شوز ، ٹی اے ڈی اے ڈسٹرکٹ لیول پر جبکہ ریجن لیول پر ہر ایک گیمز کا انٹرنیشنل معیار کا سامان مہیا کیاجائے گا
اس کے علاوہ فاتح کھلاڑیوں کو ڈسٹرکٹ لیول پر 20 اور 15 ہزار جبکہ ریجن لیول پر پچاس ، تیس اور بیس ہزار کیش انعامات دیئے جائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے پی کی جانب سے نوجوان کھلاڑیوں کو بھرپور مواقع فراہم کئے جارہے ہیں جس سے یہی کھلاڑی سامنے آئیں گے اور مستقبل میں پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔