بال ٹمپرنگ سکینڈل،،آسڑیلین کرکٹرز ایسوسی ایشن میدان میں آگئی

سڈنی(سپورٹس لنک رپورٹ) بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے تین آسٹریلوی کرکٹرز کی سزا کے خلاف آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن میدان میں آگئی اور سزا میں نرمی کا مطالبہ کردیا۔آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر گریگ ڈائر نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکروفٹ پر عائد کی جانے والی پابندی کو نامناسب قرار دیا اور کرکٹ آسٹریلیا سے مطالبہ کیا ہے کہ کھلاڑیوں کی سزا میں نرمی کی جائے۔گریگ ڈائر نے کہا کہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پہلے بھی منظرعام پر آتے رہے ہیں اور اُن کے مقابلے میں آسٹریلوی کرکٹرز کو دی جانے والی سزا بہت زیادہ ہے جب کہ اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا سے بات چیت جاری ہے۔گریگ ڈائر نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی بحالی کے لئے سزا میں کمی یا انہیں ڈومسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے جیسے آپشن زیرغور ہیں۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن پابندی کے شکار کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہے جب کہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں ملنے والی سزا کے خلاف کھلاڑی جمعرات تک کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے کے خلاف اپیل کرسکتے ہیں تاہم فیصلے کو چیلنج کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کھلاڑیوں کا ذاتی فیصلہ ہوگا۔آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نے مزید کہا کہ ایڈمنسٹریشن کو کھلاڑیوں کی حمایت جاری رکھنی چاہیے اور انہیں کرکٹ سے جوڑے رکھنا چاہیے تاہم اگر پابندی سے بال ٹیمپرنگ روکنے کی کوشش کی جائے گی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔گریگ ڈائر کا کہنا تھا کہ قیادت پر پابندی لگانا اور کپتانی کرنے والے کھلاڑیوں کو کرکٹ سے دور کرنے کے نتائج پابندی سے زیادہ خطرناک ہوں گے۔یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے پر اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر ایک ایک سال اور کیمرون بینکروفٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔کرکٹ آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر پر ٹیم کی قیادت کرنے پر تاحیات پابندی عائد کی جب کہ اسٹیون اسمتھ اور کیمرون بینکروفٹ پر ٹیم کی قیادت کرنے پر 2،2 سال کے لئے پابندی عائد کی گئی۔ کیپٹ ٹاؤن ٹیسٹ میں اسٹیون اسمتھ ٹیم کی قیادت جب کہ ڈیوڈ وارنر نائب کپتان کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

error: Content is protected !!