محمد حفیظ کا بائولنگ ٹیسٹ اب تک کیوں نہ ہوسکا؟نئی کہانی سامنے آگئی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ اپنے بولنگ ایکشن کی باضابطہ طور پر جانچ کرانے کے منتظر ہیں تاہم پی سی بی نے تاحال اس حوالے سے انتظامات نہیں کیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حفیظ نے دو ماہ سے اپنے بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے لیے پی سی بی کو دستیابی ظاہر کی ہوئی ہے لیکن اب تک ان کا ٹیسٹ نہیں لیا گیا۔ذرائع کے مطابق محمد حفیظ بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ فوری طور پر کرانے کے خواہش مند ہیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال اس حوالے سے انتظامات نہیں کیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ باضابطہ اسسمنٹ کے لیے پی سی بی نے آئی سی سی سے تاریخ لینی ہے تاکہ حفیظ کا منظور شدہ لیبارٹری سے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ ہوسکے۔لیکن اس حوالے سے پی سی بی نے نہ تو انتظامات کیے ہیں اور نہ ہی محمد حفیظ کو اس حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی میچز کی میزبانی میں اس قدر مصروف رہا ہے کہ اس طرف توجہ نہیں دی گئی اور اب چونکہ پی ایس ایل اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ختم ہوچکی ہے تو اس حوالے سے بھی پیش رفت ہو گی۔خیال رہے کہ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 18 اکتوبر 2017کو ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ کے دوران رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد پروفیسر حفیظ نے ایکشن کا ٹیسٹ دیا تھا لیکن وہ اسے کلیئر کرنے میں ناکام رہے تھے اور آئی سی سی نے ایکشن غیر قانونی قرار دیدیا۔اس کے بعد پی سی بی نے محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ دوبارہ لینے کا فیصلہ کیا تھا جو اب تک نہیں لیا جاسکا ہے۔محمد حفیظ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں بھی بولنگ نہیں کرسکے تھے اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر نے بھی یہ کہہ دیا ہے کہ بولنگ کے بغیر محمد حفیظ کا ٹیم میں کوئی فائدہ نہیں ہے۔

error: Content is protected !!